بین ریاستی خبریں

ابھیشیک بنرجی منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی کے سامنے پیش ہوئے

نئی دہلی6ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی پیر کے روز مبینہ کوئلہ اسکام سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سامنے پیش ہوئے۔ عہدیداروں نے یہ معلومات دی ہیں۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی (33) صبح 11 بجے سے تھوڑی دیر قبل مرکزی دہلی کے جام نگر ہاؤس میں مرکزی ایجنسی کے دفترپہنچے۔انہوں نے کہاہے کہ میں تحقیقات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں اور میں ایجنسی کے ساتھ تعاون کروں گا۔حکام نے بتایاہے کہ کیس کے تفتیشی افسر نے منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کی دفعات کے تحت بنرجی کا بیان ریکارڈکیاہے۔

ابھیشیک بنرجی لوک سبھا میں ڈائمنڈ ہاربر سیٹ کی نمائندگی کرتے ہیں اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے قومی جنرل سکریٹری ہیں۔ ای ڈی نے نومبر 2020 کی سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی ایف آئی آر کو دیکھنے کے بعد پی ایم ایل اے کی فوجداری دفعات کے تحت کیس درج کیا تھا۔ انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے کچھ افسران اور ابھیشیک بنرجی سے منسلک وکیل کو بھی اس ماہ مختلف تاریخوں پر پیش ہونے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

ای ڈی نے اس معاملے میں اب تک دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں سے ایک وکاس مشرا ، ترنمول کانگریس یوتھ ونگ لیڈر ونئے مشرا کے بھائی شامل ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ونے مشرا کچھ عرصہ قبل ملک سے باہر گئے تھے اورشایدانہوں نے ملک کی شہریت ترک کر دی ہے۔اس کے علاوہ ڈائریکٹوریٹ نے اس سال کے شروع میں اس معاملے میں بنکورہ پولیس اسٹیشن کے سابق انچارج اشوک کمار مشرا کو گرفتار کیا تھا۔ای ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرا برادران نے اس کیس میں کچھ بااثر لوگوں اور اپنے لیے730 کروڑ روپے وصول کیے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button