نئی دہلی،08؍ ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کے روز تہاڑ جیل کے قیدی انکت گرجر کے مبینہ قتل Ankit Gujjar’s Death case کی تحقیقات سی بی آئی کو سونپ دی۔ جسٹس مکتہ گپتا نے ہدایت دی کہ کیس کی فائل دہلی پولیس سے سی بی آئی کو بھیجی جائے اور 28 اکتوبر کو سماعت کی اگلی تاریخ سے قبل مرکزی ایجنسی سے اسٹیٹس رپورٹ طلب کی جائے۔
گرجر 4 اگست کو تہاڑ جیل میں اپنے روم میں مردہ پایا گیا تھا۔ ایک درخواست میں دہلی پولیس سے تفتیش سی بی آئی کے حوالے کرنے کی درخواست کرتے ہوئے مقتول قیدی کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ جیل حکام گرجر کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں کیونکہ وہ پیسے کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا نہیں کر سکے اس لیے اسے ایک منصوبے کے تحت قتل کیا گیا۔وکیل محمود پراچہ اور شارق نثار کے ذریعے دائر کی گئی درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ تہاڑ میں جیل حکام ایک منظم بھتہ خوری گروہ چلا رہے ہیں اور پولیس مجرموں کو بچانے کے لیے تحقیقات میں ہیرا پھیری کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس میں دعویٰ کیا گیاکہ پوری انتظامیہ قصور وار ہے کیونکہ جب میت کی پٹائی کی گئی ایک افسر نے مبینہ طور پر سی سی ٹی وی بند کرنے کا حکم دیا ۔عدالت نے 18 اگست کو درخواست پر دہلی پولیس اور جیل حکام سے اسٹیٹس رپورٹ طلب کی تھی۔ دہلی پولیس نے دعویٰ کیا کہ مقامی پولیس منصفانہ تحقیقات کر رہی ہے۔



