نئی دہلی،19؍جنوری ( اردودنیانیوز ) ہندوستانی ٹیم نے برسبین ٹیسٹ جیت کر 4 ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو 2-1 سے شکست دے دی ۔ ہندوستانی ٹیم جو زخمی کھلاڑیوں سے پریشان تھی بالآخر اس نے تاریخ رقم کی۔ ہندوستان آسٹریلیا میں مسلسل 2 سیریز جیتنے والی مجموعی طور پر چوتھی اورایشیا کی پہلی ٹیم بن گئی۔
پاکستان آسٹریلیا میں مسلسل9 ٹیسٹ سیریز ہار چکا ہے اور سری لنکا کو مسلسل 7 ٹیسٹ سیریز بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ہندوستان سے قبل انگلینڈ ، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ نے آسٹریلیائی کو اس کی سرزمین پر مسلسل سیریز میں شکست دی ہے۔ انگلینڈ نے 1884-85, 1886-87اور1887-88میں آسٹریلیامیں مسلسل تین تین ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز نے 1984-85, 1988-89اور 1992-93 میں مسلسل 3 ٹیسٹ سیریز جیتی اور جنوبی افریقہ نے یہ ریکارڈ 2008-09, 2012-13 اور2016-17میں قائم کیا تھا۔




