
نئی دہلی،18؍ ستمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اداکار سونو سود پر محکمہ انکم ٹیکس کے چھاپوں کے بعد سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکسز (سی بی ڈی ٹی) نے کہا ہے کہ ان کے خلاف 20 کروڑ روپئے سے زائد کی ٹیکس چوری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ سی بی ڈی ٹی نے کہا ہے کہ اداکار اور اس کے ساتھیوں کے گھروں میں تلاشی کے دوران ٹیکس چوری سے متعلق سنگین شواہد ملے ہیں۔
سی بی ڈی ٹی نے کہا کہ اداکار نے فرضی اداروں سے غیر محفوظ قرضوں کی صورت میں بے حساب رقم جمع کیا تھا ۔محکمہ انکم ٹیکس نے کہا کہ سود نے ایف سی آر اے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر ملکی عطیہ دہندگان سے ایک کرائوڈ فنڈنگ پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے 1 2.1 کروڑ جمع کیے ہیں۔سی بی ڈی ٹی نے کہا کہ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے ممبئی میں اداکار کے مختلف رہائش گاہوں سمیت کل 28 مقامات پر مسلسل تین دن تک چھاپہ مارا۔
واضح رہے کہ 48 سالہ اداکار سونو سود نے کورونا وبا کے دوران لوگوں کی مدد کر کے کافی تعریف حاصل کی تھی۔ حال ہی میں سونو سود نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سے ملاقات کی۔ چھاپے کے بعد دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی اس معاملے پر ٹویٹ کیا تھا کہ سچ کے راستے میں لاکھ مشکلات ہیں ، لیکن فتح ہمیشہ سچ کی ہوتی ہے۔



