بین ریاستی خبریںجرائم و حادثات

دہلی میں حاملہ غیر ملکی خاتون اور اس کے بیٹے کا بے دردی سے قتل 

نئی دہلی ،22؍ ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی کے کالکاجی علاقے میں ایک حاملہ غیر ملکی خاتون اور اس کے ایک سالہ بیٹے کی خون سے لت پت لاشیں ملنے کے بعد افراتفری پھیل گئی ہے۔ دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ ایک کرغزستانی Kyrgyzstan خاتون اور اس کے بچے کو کالکاجی علاقے میں اس کے دوست کے گھر پر قتل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 28 سالہ میسکل جھمبائیوا  Myskal Zhumabaeva اور اس کے بیٹے مانس کی خون میں لت پت لاشیں ملی ہیں۔ اس کے سینے اور جسم کے دیگر حصوں پر گہرے زخم تھے۔ مسکل پانچ ماہ کی حاملہ تھی۔وہ ایک گھریلو خاتون تھی اور اپنے شوہر ونے چوہان کے ساتھ گریٹر کیلاش علاقے میں رہتی تھی۔ دونوں کی شادی تقریبا دو سال پہلے ہوئی تھی۔ اس کا بیٹا مانس 13 ماہ کا تھا۔ ونے چوہان گیسٹ ہاؤس چلاتے ہیں۔
جب یہ واقعہ پیش آیا تو خاتون اور اس کا بچہ اس کے دوست کے گھر پر تھے۔ اس کے شوہر ونئے چوہان نے پی سی آر کال کر کے پولیس کو بلایا ۔ پولیس کے مطابق ونے کا کہنا ہے کہ اسے خاتون کے دوست کے گھر سے اس واقعے کی معلومات ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس جنوب مشرقی دہلی آر پی مینا نے بتایا کہ ہمیں خاتون اور اس کے بچے کی خون سے لت پت لاشیں بستر پر ملی ہیں۔ کرائم اینڈ فورنسک ٹیم نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور تمام شواہد اور فنگر پرنٹس اکٹھے کیے۔ ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ خاتون کی اپنے شوہر کے ساتھ پیر کی رات اسپتال جانے پر لڑائی ہوئی تھی۔
اس نے حمل کی وجہ سے پیٹ میں درد کی شکایت کی تھی اور اسپتال جانا چاہتی تھی۔ جھگڑے کے بعد ونے چوہان نے اسے گریٹر کیلاش میں واقع گھر پر چھوڑ کر اپنے دوست واحد سے ملنے چلاگیا۔ اسی رات مسکل نے اپنے دوست ماتلبا کو فون کیا جو اسے ایک دیگر دوست اونیش کے ساتھ اسپتال لے گیا۔ ماتلباکا تعلق ازبکستان سے ہے۔
ماتلبا اسے وہاں سے کالکاجی واقع اپنے گھر لے گیا جہاں سے منگل کی صبح دونوں کی لاشیں ملی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے کچھ دیگردوست اسی رات فلیٹ پر آئے تھے۔اسی رات خاتون کی موت سے پہلے اس کے شوہر کے ساتھ بات ہوئی تھی ، جہاں اس نے اپنے دوست کے ٹھہرنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کے اندر کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ نصب نہیں ہے۔
یہاں تک کہ فلیٹ کے باہر نصب سی سی ٹی وی میں بھی کوئی بیرونی شخص داخل ہوتا نظر نہیں آیا۔ پولیس نے اس واقعہ میں کسی بیرونی شخص کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے تاہم تمام زاویوں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button