
12 ستمبر کو ہونے والے امتحان کو منسوخ کرنے کا مطالبہ
نئی دہلی ،29؍ ستمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)رواں ماہ 12 ستمبر کو ہونے والے NEET-UG امتحان کو منسوخ کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں امتحان میں پیپر لیک اور بدعنوانی کا الزام لگایا گیا ہے۔ درخواست میں سی بی آئی سے کوچنگ سینٹرز اور پیپر حل کرنے والے گروہوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ معاملہ سماعت کے لیے زیر التوا رہنے کے دوران نتائج کے اعلان پر پابندی لگائی جائے اور پھر NEET کا امتحان نئے سرے سے منعقد کیا جائے۔ درخواست میں امتحان کے لیے سیکورٹی پروٹوکول بڑھانے کی ہدایات جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔درخواست میں سی بی آئی اور راجستھان اور یوپی کے ڈی جی پی کو ایک ہفتے کے اندر رپورٹ درج کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ درخواست NEET کے امیدواروں نے دائر کی ہے۔
Join Urdu Duniya WhatsApp Group.
اس میں کہا گیا ہے کہ مستحق اور ہونہار امیدواروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے دوبارہ امتحان منعقد کیاجائے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ NEET جیسے اہم امتحانات میں دھوکہ دہی ، پیپر لیک ہونے کا مسئلہ طلباء کے مستقبل اور امتحان کے تقدس اور تحفظ کی خلاف ورزی ہے۔ یہ درخواست NEET کے امیدواروںنے ایڈوکیٹ ممتا شرما کے ذریعے دائر کی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیپر ایک معروف کوچنگ سینٹر اور پیپر حل کرنے والے گروہ نے مجرمانہ سازش کے تحت لیک کیا تھا۔ امتحان کے دن ہی سی بی آئی نے 4 ملزمان اور نامعلوم کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔
ایف آئی آر میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ امتحان میں پراکسی امیدواروں کا استعمال کرتے ہوئے دھاندلی کی گئی اور فی امیدوار 50 لاکھ تک کی رقم کوچنگ سینٹرز اور گروہوں کے ذریعہ وصولی کی گئی۔



