ممبئی : شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان سمیت تینوں ملزمین ایک دن کی این سی بی حراست میں
ممبئی، 3 اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کروز ڈرگس معاملے میں عدالت نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان سمیت تین ملزمین کو ایک روزہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی تحویل میں بھیج دیا۔ آج رات آریان خان، ارباز سیٹھ مرچنٹ اور منمون دھمیچا کو این سی بی آفس میں گزارنا پڑے گا۔
کل یعنی پیر کی دوپہر ڈھائی بجے عدالت نمبر8 میں سماعت ہوگی۔ این سی بی نے آج تینوں ملزمان کو ممبئی کی فورٹ کورٹ میں پیش کیا۔ این سی بی نے دو دن کی تحویل مانگی تھی۔ عدالت نے ایک دن کی تحویل میں بھیج دیا۔
این سی بی نے سب سے پہلے عدالت میں اپنی دلیل پیش کی۔ این سی بی نے کہا کہ چیٹ کے ذریعے ڈیلر کے ساتھ رابطے میں پایا گیا ہے۔ ملزمان کی چیٹ پہلے دن ہی برآمد ہوئی۔ این سی بی نے کہا کہ ملزم اور ڈیلر سے آمنے سامنے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
اس کے بعد معروف قانون دان ستیش مان شندے نے اپنی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ آریان خان سے کوئی ایسی چیز برآمد نہیں ہوئی جسے منشیات کہا جا سکے۔ آریان کو بطور مہمان بلایا گیاتھا۔ اس نے کروز کا ٹکٹ نہیں لیا تھا۔



