جنوبی دہلی میں غیر قانونی طور پر بنے مندر کوتوڑا جائے گا: دہلی حکومت نے عدالت کو بتایا
نئی دہلی، 3 اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی حکومت نے دہلی ہائی کورٹ کو مطلع کیا ہے کہ حکام جنوبی دہلی کی ڈیفنس کالونی میں غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ مندر کو مسمار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔دہلی حکومت نے یہ دلیل اس وقت دی جب ایک جائیداد کے سامنے سے تجاوزات ہٹانے کی درخواست عدالت میں سماعت کیلئے آئی۔
جسٹس ریکھا پلی نے جائیداد کے مالک کی طرف سے دائر درخواست پر نوٹس جاری کیا ہے اور دہلی حکومت، ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ساؤتھ) حوض خاص سے جواب مانگا ہے۔عدالت نے عہدیداروں سے اسٹیٹس رپورٹ درج کرنے کو کہا اور معاملے کی اگلی سماعت 8 اکتوبر کو مقرر کی۔ دہلی حکومت اور ڈی سی پی (ساؤتھ) کی طرف سے پیش ہوئے ایڈوکیٹ انوپم سریواستو نے دلیل دی کہ عہدیدار اپنی ڈیوٹی سے باخبر ہیں اور پہلے ہی 4 اکتوبر کو مقام پر غیر قانونی تجاوزات کو مسمار کرنے کا منصوبہ بنا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مندر کو گرانے کیلئے پولیس کی مدد درکار ہوگی اور عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ پولیس پیر کو تجاوزات کے خلاف مجوزہ مہم چلانے کیلئے دہلی حکومت کے محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیوڈی) کو ضروری مدد فراہم کرے گی۔عدالت نے اس شخص کو بھی نوٹس جاری کیا ہے جس نے مبینہ غیر مجاز تعمیرات کی ہیں ۔



