نئی دہلی ،04 ؍اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کورونا سے موت ہونے پر لواحقین کو 50 ہزار روپئے معاوضہ ملے گا۔ سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کے منصوبے کو منظوری دے دی ہے۔ سپریم کورٹ نے پیر کو ہدایت نامہ جاری کیا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ معاوضہ ریاستوں کو امدادی رقم دینے کی دیگر اسکیموں سے مختلف ہوگا۔ یہ معاوضہ مستقبل میں ہونے والی اموات پر بھی نافذہوگا۔
اسے ریاستی آفات ریلیف فنڈ سے ادا کیا جائے گا۔ عدالت نے کہا کہ فائدہ اٹھانے والے کی مکمل تفصیلات پرنٹ میڈیا میں شائع کی جائیں۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ مرنے والوں کے لواحقین کو 50 ہزار روپئے ہر صورت میں ادا کیے جائیں گے اور یہ مرکز اور ریاست کی جانب سے مختلف فلاحی اسکیموں کے تحت دی جانے والی رقم سے مختلف ہوں گے۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ متعلقہ خاندان اپنے ریاستی اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ فارم کے ساتھ موت کی سرٹیفکیٹ سمیت دستاویزات کے ساتھ جمع کرائیں گے۔ تمام دعوے ڈائرکٹ بینیفٹ ٹرانسفر کے ذریعے دستاویزات جمع کرانے کے 30 دن کے اندر طے کر لیے جائیں گے۔ سرٹیفیکیشن کمیٹی دعووں کو مسترد کرنے کی وجہ بتائے گی۔ مستقبل میں بھی وبائی امراض سے ہونے والی اموات کے لیے امدادی رقم جاری رہے گی۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ معاوضہ درخواست جمع کرانے کے 30 دن کے اندر دیا جانا چاہیے ،کوئی بھی ریاست 50000 روپئے دینے سے اس بنیاد پر انکار نہیں کرے گی کہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں موت کی وجہ کورونا نہیں ہے۔ ڈسٹرکٹ اتھارٹیز کو موت کی وجوہات کو درست کرنے کے لیے اصلاحی اقدامات کرنے ہوں گے۔ ضلعی سطح کی کمیٹی کی تفصیلات پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں شائع کی جائیں گی۔ کوویڈ ہونے کے بعد 30 دن کے اندر خودکشی کرنے والوں کو بھی معاوضہ ملے گا۔



