
نغمہ نگار و شاعر جاوید اختر کیخلاف ایف آئی آر ، آر ایس ایس کا طالبان سے کیا تھاموازنہ
ممبئی ، 4اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ممبئی پولیس نے بالی ووڈ کے مشہور نغمہ نگار اور اردو زبان کے معروف شاعر جاوید اختر کیخلاف آر ایس ایس کیخلاف مبینہ ریمارکس پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ یہ مقدمہ مقامی وکیل سنتوش دوبے کی شکایت پر درج کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ جاوید اختر نے آر ایس ایس کا موازنہ طالبان سے کیاتھا۔ بالی وڈ کے نغمہ نگار جاوید اختر عوامی فورمز پر یا سوشل میڈیا پر بہت متحرک ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ اپنے بیانات کے باعث بھی سرخیوں میں رہتے ہیں۔ اس بار ان کا بیان ان کے لیے جال بن گیا ۔ ممبئی پولیس نے ان کے خلاف آر ایس ایس کا طالبان سے موازنہ کرنے پر مقدمہ درج کیا ہے۔
اپنے بیان میں ایک پولیس افسر نے کہا کہ جاوید اختر کے خلاف مقامی ایڈوکیٹ سنتوش دوبے کی شکایت پر ملند پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔عہدیدار کے مطابق تعزیرات ہند کی دفعہ 500 (ہتک عزت کی سزا) کے تحت ایف آئی آر درج کیا گیا ہے ۔



