بین ریاستی خبریں

مہاراشٹرا کے ڈپٹی سی ایم اور تاجروں کے گھر پر انکم ٹیکس کا چھاپہ 1000 کروڑ کے لین دین کا انکشاف

ممبئی،08 ؍اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)محکمہ انکم ٹیکس نے مہاراشٹرا میں ایک بڑی کارروائی کی ہے۔ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تاجروں اور بچولیے اور پبلک آفس ہولڈرز (سرکاری عہدوں پر فائزکچھ لوگ ) کے ایک بڑے سنڈیکیٹ کو بے نقاب کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق گزشتہ 6 ماہ سے اس سنڈیکیٹ کے 25 رہائشی اور 15 دفاتر کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر معلومات اکٹھا کرنے کے بعد تلاشی لی گئی جبکہ 4 دفاتر کا سروے بھی کیا گیا۔

یہ کارروائی 23 ستمبر سے جاری تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ ریاست کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار اور ان کے رشتہ داروں پر بھی سرچ آپریشن کیا گیا۔محکمہ انکم ٹیکس نے دعویٰ کیا ہے کہ سنڈیکیٹ کے دو بچولیے نے ممبئی کے اوبرائے ہوٹل میں مستقل طور پر سوٹ کرائے پر لیا تھا اور گاہکوں کو وہاں ملنے کی دعوت دیتے تھے۔

اس سنڈیکیٹ میں تاجر ، بچولیے اور سرکاری دفاتر رکھنے والے افراد شامل تھے۔ ان کے پاس سے 10 پرانے ریکارڈ ملے ہیں ، جن میں ’کوڈ ورڈ‘ کا استعمال کیا گیا ہے۔ جو ظاہر کرتا ہے کہ وہاں 1050 کروڑ روپئے کا لین دین ہوا ہے۔ معلومات کے مطابق بچولیے کارپوریٹس اور تاجروں کو زمین کی الاٹمنٹ سے لے کر تمام سرکاری منظوریوں کے حصول تک خدمات فراہم کرتے تھے۔ بڑی پوسٹوں کے لیے ٹرانسفر پوسٹنگ کا کام بھی جاری تھا۔

تمام ڈیجیٹل شواہد تفتیشی ایجنسیوں کی نظروں سے بچنے کے لیے مٹا دئیے گئے تھے ، لیکن انہیں دوبارہ خفیہ ٹھکانے کی معلومات ہوئی۔ جہاں سے بہت سے شواہد برآمد ہوئے۔ پیسے کے لین دین کے لیے ’انگاڑیا ‘کابھی استعمال کیا گیا اور تلاشی کے دوران ایک انگاڑیا سے 150 لاکھ روپئے ضبط کیے گئے۔

محکمہ انکم ٹیکس نے بیان میں کہا ہے کہ موبائل فون ، پین ڈرائیوز ، ہارڈ ڈرائیوز ، آئی کلائیڈ ، ای میلز وغیرہ سے بڑی مقدار میں ڈیجیٹل ڈیٹا برآمد اور ضبط کیا گیا ہے ، جس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ اب تک 4.6 کروڑ نقد اور 3.42 کروڑ کے زیورات ضبط کئے جا چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button