قومی خبریں

پولیس کے سامنے نہیں پیش ہوئے قتل کے ملزم ’وزیر کا بیٹا‘ آشیش مشرا

لکھیم پور کھیری،08 ؍اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا لکھیم پور کھیری میں کسانوں کو اپنی گاڑی سے کچلنے اور قتل کرنے کے الزام میں آج یوپی پولیس کی کرائم برانچ کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ پولیس نے انہیں سمن جاری کیا تھا اور آج صبح 10 بجے پیش ہونے کو کہا تھا۔ اس سلسلے میں پولیس نے کل مرکزی وزیر کے گھر کے باہر ایک نوٹس بھی چسپاں کیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ ایک سینئر پولیس افسر – اپیندر اگروال جو اس کیس کی تحقیقات کی سربراہی کر رہے ہیں ان کو آشیش مشرا نے ایک طویل عرصے تک انتظار کرنے پر مجبور کیا لیکن آخر کار وہ پولیس کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ یو پی پولیس جو اس وقت اس معاملے میں عدالتی دباؤ کا سامنا کررہی ہے ،انہوں نے کل طویل تفتیش کے بعد دو ملزمان ، لاوکش اور آشیش پانڈے کو گرفتار کیا ہے۔

کسان پہلے ہی وزیر کے بیٹے آشیش مشرا کے خلاف قتل ، قتل کی کوشش اور مجرمانہ سازش کی سنگین دفعات کے تحت پانچ دن قبل مقدمات درج کروا چکے ہیں۔ اس کے باوجود نہ تو اس کی گرفتاری ہو سکی اور نہ ہی کوئی تفتیش۔ یوپی پولیس جو اب بھی اس معاملے میں نرم رویہ اپنائے ہوئے ہے انہوں نے بالآخر دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔

یہ دونوں اس گاڑی میں موجود تھے جس نے کسانوں کو کچل دیا تھا۔اس معاملے میں پولیس نے پیر کو ہی آشیش مشرا کے علاوہ 6 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تین نامعلوم ملزمان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ایک نامزد ملزم اشیش مشرا اور ایک نامعلوم ملزم ابھی تک پولیس کی گرفت سے باہر ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button