بین ریاستی خبریں

قانون ہاتھ میں لینے کی چھوٹ کسی کو نہیں ، لیکن دباؤ میں کوئی کاروائی نہیں ہو گی: یوگی

لکھنؤ، 8 اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اتر پردیش کے لکھیم پور واقعے کے ملزم اور مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کے بیٹے کی گرفتاری کے اپوزیشن کے مطالبے کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو کہا کہ کسی کو قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اورنہ ہی کسی کے دباؤ میں کوئی کاروائی کی جائے گی۔

جمعہ کو ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں یوگی نے کہاکہ لکھیم پور کھیری واقعہ افسوسناک اور بدقسمت ہے، حکومت اس کی تہہ تک جا رہی ہے، جمہوریت میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کے بیٹے کو بچانے کی کوشش کے سوال پر انہوں نے کہاکہ کوئی ویڈیو اس قسم کی نہیں ہے۔

ہم نے ایک نمبر بھی جاری کیا ہے کہ اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو اسے اپ لوڈ کریں، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔ کسی کو قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، لیکن کسی کے دباؤ میں کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ معزز سپریم کورٹ نے کہاہے کہ آپ کے پاس گرفتاری سے پہلے کافی ثبوت ہونا چاہیے، ہم کسی بھی فرد کے الزام میں کسی کو بلا ضرورت گرفتار نہیں کریں گے، لیکن ہاں، اگر کوئی مجرم ہے تو ہم اسے نہیں چھوڑیں گے، چاہے وہ شخص کوئی بھی ہو۔

یوگی نے کہا کہ ہم نے پورے یوپی میں یہ کیا ہے، جن کے خلاف بھی ثبوت ملے ہیں ، ہم نے ان کے خلاف کارروائی کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کی ہے، حکومت لکھیم پور کھیری واقعہ میں بھی یہی کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button