تلنگانہ کی خبریں

حلف نامہ کے لیے 20 روپئے کے بجائے ، اب 100 روپئے کے اسٹامپ پیپر کی منظوری

حیدرآباد :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں اختیار کئے گئے انڈین اسٹامپ ( تلنگانہ امینڈمنٹ ) ترمیمی ایکٹ ، 2021 کو صدر جمہوریہ کی جانب سے منظور کئے جانے کے بعد #تلنگانہ میں کسی مقصد کے لیے حلف نامہ پر سیلف ڈیکلریشن کے لیے موجودہ قیمت 20 روپئے کے اسٹامپ پیپر سے 100 روپئے ہوگی ۔ کسی بھی رقمی معاملت کے لیے اقل ترین اسٹامپ قدر 20 پیسے کے بجائے ایک روپیہ ہوگی ۔

وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے یہ بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسٹامپ ڈیوٹی شرحوں میں علحدہ تلنگانہ ریاست میں نظر ثانی نہیں کی گئی تھی اور کابینہ نے اسٹامپ ڈیوٹی میں اضافہ کرنے منظوری دی ہے ۔

وزیر نے کہا کہ 20 روپئے کے اسٹامپ پیپرس اور 20 پیسے کے ریونیو اسٹامپ کا ریاست میں کئی دہوں تک استعمال ہوتا رہا ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ ایک مرکزی قانون ہے اس لیے صدر جمہوریہ نے اس کی منظوری دی ہے ۔

وزیر نے کہا کہ معاملتوں کے موجودہ 18 زمروں کے لیے اسٹامپ ڈیوٹی شرحوں میں اضافہ کرنے کی بل میں تجویز رکھی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ سات نئی معاملتوں جیسے #اشتہار ، ماس میڈیا اگریمنٹس ، ٹیلی کاسٹنگ اینڈ براڈ کاسٹنگ #کنٹراکٹس کو اس قانون میں لانے کی تجویز ہے ۔ موجودہ قانون میں چار نئے سیکشنس کا اضافہ کیا گیا ہے ۔

تمام الیکٹرانک معاملتوں ، جنہیں #ڈاکومینٹیڈ ٹرانزیکشنس کے طور پر نہیں سمجھا جاتا ہے ، امکنہ قرض اور گاڑی کے قرض کی معاملتوں اور انشورنس کمپنیوں کی معاملتوں کو اس ایکٹ میں شامل کرنے کی تجویز ہے ۔

اس کے علاوہ اگر کوئی شخص دانستہ یا نا دانستہ طور پر اسٹامپ ڈیوٹی ادا کرنے سے گریز کرے یا کم اسٹامپ ڈیوٹی ادا کرے تو اس ترمیمی بل میں متعلقہ عہدیداروں کو اس کے #دستاویزات کی جانچ کرنے کے اختیارات دینے کی تجویز رکھی گئی ہے ۔ بی جے پی کے رکن ایم رگھونندن راؤ نے مشورہ دیا کہ حکومت وقتاً فوقتاً #اسٹامپ #ڈیوٹی میں اضافہ کرے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button