
نئی دہلی، 9 اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)حکومت کی معاشی پالیسیوں پر سوال اٹھانے والے بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے اس بار اپنی سوشل میڈیا بائیو کو تبدیل کرکے بی جے پی سے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
سبرامنیم سوامی نے اپنا ٹوئٹر اور فیس بک بائیو تبدیل کرلیا ہے اور اس سے لفظ بی جے پی کو ہٹا دیا ہے۔ سب سے دلچسپ لائن وہ ہے جو سوامی نے اپنے بائیو میں لکھا ہے’ میں نے آپ کو وہی دیا جو مجھے ملا‘۔ اس لائن کو بی جے پی سے سوامی کی ناراضگی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔دراصل سبرامنیم سوامی کا نام جمعرات کو بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کی تشکیل کردہ پارٹی کی قومی ایگزیکٹو میں شامل نہیں تھے۔
قومی ایگزیکٹو سے نکالے جانے پر سبرامنیم سوامی نے کھل کر رد عمل ظاہر نہیں کیا، لیکن انہوں نے ٹویٹر اور فیس بک کے بائیو سے بی جے پی کا نام نکال کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ سبرامنیم سوامی نے ٹوئٹر پر اپنے نئے بائیو میں خود کو راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ، سابق کابینہ وزیر، ہارورڈ سے معاشیات میں پی ایچ ڈی اور پروفیسر کے طور بتایا ہے۔
انہوں نے لفظ بی جے پی کو اپنے بائیو سے نکال دیا ہے۔ ساتھ ہی سوامی نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈلز کے بائیو میں یہ بھی لکھا کہ میں نے آپ کو بالکل ویسا ہی دیا جیسا مجھے ملا۔ بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو سے ان کی برطرفی کے بارے میں رابطہ کرنے پر سبرامنیم سوامی نے کھل کر رد عمل ظاہر نہیں کیا، لیکن وہ بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے ٹویٹ کو واضح طور پر ری ٹویٹ کر رہے ہیں اور واضح کر رہے ہیں کہ وہ پارٹی صدر کے اس فیصلے سے ناراض ہیں۔



