قومی خبریں

این آئی اے کی’ دہشت گردی‘کیخلاف چھاپہ ماری

دہلی -یوپی اور جموں میں 18 مقامات پر چھاپہ ماری ، کئی حراست میں

نئی دہلی ، 12اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) خفیہ اطلاع کے پیش نظر ملک بھر میں مبینہ دہشت گردوں کیخلاف تابڑ توڑ کارروائی کر رہی ہے۔ این آئی اے نے منگل کو دہلی-این سی آر ، یوپی اور جموں میں 18 مقامات پر چھاپہ ماری کی ۔ این آئی اے دہشت گرد تنظیموں کے اوور گراؤنڈ نیٹ ورک ( او جی این )کیخلاف کریک ڈاؤن کیلئے وسطی کشمیر میں کئی مقامات پر چھاپہ ماری کی۔این آئی اے نے وادی کشمیر میں 16 مقامات کے علاوہ دہلی اور یوپی میں چھاپے مارے ہیں۔

این آئی اے کو اطلاع ملی تھی کہ دہلی یوپی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں۔ اِس خفیہ اطلاع کے مطابق ان دہشت گردوں کے پاس مبینہ طور پر اسلحہ اور گولہ بارود ہو سکتے ہیں،اس خفیہ اطلاع کے بموجب این آئی اے کی چھاپہ ماری ہو رہی ہے۔ اسی ضمن میں تحقیقاتی ایجنسی نے جموں کشمیرسے گل بگ کاکاپورہ کے رہائشی اویس احمد ڈار ولد خالق ڈار کے گھر پر چھاپہ مارا ۔

این آئی اے نے پریم پورہ ، چٹا بل ، چنا پورہ ، سولیناوغیر میں بھی چھاپہ ماری کی ہے ۔ اسی کڑی میں دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے منگل کو ایک مبینہ پاکستانی دہشت گرد کو گرفتار کیا ہے۔ دہلی سمیت پورے ملک میں حملے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ اس کے قبضے سے اے کے 47 اور دستی بم برآمد کئے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔

گرفتارمبینہ پاکستانی دہشت گرد اشرف علی نقلی شناختی کارڈ کے ساتھ لکشمی نگر دہلی میں مقیم تھا، یہ گرفتار دہشت گرد نیپال کے راستے دہلی پہنچا تھا۔این آئی اے نے لشکر طیبہ ، جیش محمد ( جے ایم ) ، حزب المجاہدین ، البدر ، مزاحمتی محاذ (ٹی آر ایف) ، پیپل اگینسٹ فاشسٹ فورسز پر چھاپے مارکر مختلف دہشت گرد تنظیموں کی سازشوں کو بے نقاب کیا ہے ۔اس سے قبل 10 اکتوبر کو یعنی اتوار کو بھی این آئی اے نے جموں و کشمیر میں 16 مقامات پر چھاپے ماری کی تھی۔

این آئی اے نے کولگام ، بارہمولہ ، سری نگر ، اننت ناگ میں کارروائی کی تھی۔ اس کاروائی میں وائس آف ہند میگزین کی اشاعت اور آئی ای ڈی کی برآمدگی کے سلسلے میں جموں و کشمیر میں 16 مقامات پر کارروائی کی گئی۔

جس میں اعجاز احمد تک ولد غلام محمد تک ، مدثر احمد آہن گر ولد غلام محی الدین آہن گر ، ناصر منظور میر ولد منظور احمد میر اور جنید حسین خان ولد محمد حسین خان کو تھانہ اچبل لے کر جاکر ان سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button