بین ریاستی خبریں

سنگھو بارڈر قتل کیس میں عدالت نے مزید 3 ملزمان کو 6 روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیجا

سونی پت، 17اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سونی پت پولیس نے آج دہلی ہریانہ کی سنگھو سرحد پر ایک شخص کے بے رحمانہ قتل کے سلسلے میں نہنگ نارائن سنگھ ، بھگونت سنگھ اور گووند پریت سنگھ کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے تینوں ملزمان کو 6 روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔ سونی پت کرائم برانچ اور پولیس نہنگ سردار نارائن سنگھ ، بھگونت سنگھ اور گووند پریت سنگھ کو آج سہ پہر عدالت لے گئے ۔

پولیس نے سول جج جونیئر ڈویژن کیمی سنگلا کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے 14 دن کا ریمانڈ مانگاتھا، تاہم عدالت نے صرف 6 دن کا ریمانڈ منظور کیا ہے۔وہیں جج نے کہا ہے کہ ہر دن تینوں ملزمان کے میڈیکل چیک اپ کے ساتھ ڈی ڈی انٹری ہوگی۔ عدالت میں پیشی کے دوران تینوں ملزمان نے جج کے سامنے اعتراف کیا کہ انہوں نے لکھ بیر سنگھ کا قتل کیا تھا۔

اس دوران ملزم نہنگ نارائن سنگھ نے کہا کہ میں نے ٹانگ کاٹی تھی ، پھر بھگونت سنگھ اور گووند سنگھ نے اسے پھانسی پر لٹکایاتھا۔اس سے پہلے واقعہ کے دن (جمعہ) کو گرفتار کیے گئے نہنگ سربجیت سنگھ کو ہفتے کے روز سونی پت پولیس نے عدالت میں پیش کیا تھا ، جسے عدالت نے سات دن کے ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔

سونی پت پولیس نے سربجیت کا 14 دن کا ریمانڈ مانگا تھا۔ ملزم نے اس سفاکانہ قتل میں کچھ اور لوگوں کے ملوث ہونے کا اشارہ کیا تھا ۔واضح ہو کہ پنجاب کے ضلع ترن تاران کے ایک مزدور لکھ بیر سنگھ کی نعش جمعہ کے روز دہلی-ہریانہ سرحدپر لگائی گئی بیری کیڈنگ سے بندھی ہوئی پائی گئی ،جہاں زرعی مخالف قانون کے مظاہرین کا کیمپ ہے ۔

مقتول لکھ بیر سنگھ کا ایک ہاتھ کٹا ہواتھا، ٹانگیں ٹوٹی ہوئی تھی، اور جسم پر تیز دھار ہتھیاروں کے کئی نشانات ملے تھے۔ اس سفاکانہ قتل کیلئے نہنگوں کے ایک گروپ کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button