جنوبی ہند میں شدید بارش کا قہر بدستور جاری : کیرالہ میں اب تک 24 اموات ، 10 ڈیموں کیلئے ریڈ الرٹ ، سبری مالا ’درشن‘معطل
تروونت پورم ، 18اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کیرالہ ریونیو منسٹر کے راجن نے پیر کو کہا کہ ریاست میں 10 ڈیموں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے ،نیز شدید بارشوں کی وجہ سے آبی سطح میں اضافے کے بعد کاکی ڈیم کے دو دروازے بھی کھول دیئے گئے ہیں۔
سبری مالا اور ایپا مندر کی ’یاترائیں‘ بھی فی الحال منسوخ کر دی گئی ہیں ۔ پتنم تٹھاڈسٹرکٹ کلکٹریٹ میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منعقد ایک جائزہ میٹنگ کے بعدراجن اور ریاستی وزیر صحت وینا جارج نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کاکی ڈیم کو 100 سے 200 کیوسک پانی چھوڑنے کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس سے پمپا ندی کی سطح تقریباً 15 سینٹی میٹر تک بڑھ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر ہونے اور 20 اکتوبر تک شدید بارشوں کی پیشن گوئی کی وجہ سے لیا گیا ہے۔ اگر اب پانی نہ چھوڑا جاتا تو حالات مزید خراب ہو سکتے تھے۔انڈیا کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 20 سے 24 اکتوبر تک مزید خراب موسم کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ سبری مالا ایپا مندر میں درشن کی اجازت دینا ممکن نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال درشن اور یاترائیں روکنے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے ، ورنہ 20 اکتوبر سے شدید بارشوں کی وجہ سے قریبی پمپا ندی میں پانی کی سطح بڑھ جاتی ہے ، پھر ہر ایک کو یہاں سے نکالنا مشکل ہو جاتا۔راجن نے بتایا کہ ضلع میں 83 کیمپ ہیں ، جہاں 2000 سے زائد لوگ موجود ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیمیں بھی وہاں تعینات کی گئی ہیں اور ضرورت پڑنے پر امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے فضائی انخلا کی ٹیمیں بھی تیار رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور سوشل میڈیا پر ایسے پیغامات بھی نہ پھیلائیں جس سے افراتفری پیدا ہو۔
جارج نے کہا کہ لوگوں کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے اور ان علاقوں سے دور رہنا اچھا ہوگا، جہاں سیلاب یا لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہو۔



