نئی دہلی، 18 اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہندوستان میں بدھ یاتریوں کی ہوائی سفر کی ضروریات کو آسان بنانے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کو اتر پردیش کے کشی نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح کریں گے۔ وزارت شہری ہوا بازی نے پیر کو یہ معلومات دی۔وزارت نے ایک بیان میں کہاکہ افتتاحی پرواز 125 معززین اور بدھ عالموں کو لے کرسری لنکاکے کولمبوسے کشی نگر ہوائی اڈے پر اترے گی۔
وزارت کے مطابق ہوائی اڈے کے افتتاح کے بعد وزیر اعظم بدھ کے روز بدھ مت کے مقام مہاپارنیر وانا ستوپ اور مندر میں ایک پروگرام سے بھی خطاب کریں گے جس میں سری لنکا کے بدھ بھکشو اور سری لنکن حکومت کے وزرا ء شرکت کریں گے۔کشی نگر بدھ مت کے مقدس مقامات میں سے ہے۔
اس فہرست میں لمبینی، سرناتھ اور گیا بھی شامل ہے۔وزارت کے مطابق اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، گورنر آنندی بین پٹیل، شہری ہوا بازی کے وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا بھی ہوائی اڈے کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم کے ساتھ موجود ہوں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 3600 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلے ہوئے کشی نگر ہوائی اڈے کے نئے ٹرمینل کی عمارت ایئر پورٹس اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) نے اترپردیش حکومت کے تعاون سے 260 کروڑ روپے کی لاگت میں تعمیر کی ہے۔
بتایا گیا کہ یہ ایئرپورٹ چوٹی کے اوقات میں 300 مسافروں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔بیان کے مطابق جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ براہ راست ہوا بازی کے روابط سری لنکا، جاپان، تائیوان، جنوبی کوریا، چین، تھائی لینڈ، ویت نام، سنگاپور کے سیاحوں کو کشی نگر پہنچنے اور علاقے کے بھرپور ورثے کا تجربہ کرنے میں سہولت فراہم کریں گے۔
بیان کے مطابق ہوائی اڈے کے کھلنے سے سیاحوں کی آمد میں 20 فیصد اضافہ متوقع ہے۔



