شیو سینا اور این سی پی نے گواہ کے دعوے کے بعد این سی بی کو گھیر ا –سنجے راوت نے ٹوئٹ کرکے کہا، پولیس کو از خود نوٹس لینا چاہئے
ممبئی ، 24اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)آرین خان منشیات کیس کے گواہ پربھاکر سالی کے دعوے کے بعد نیا موڑ آگیا ہے۔ پربھاکر سالی کے الزام کے بعد شیوسینا اور این سی پی نے ایک بار پھر این سی بی کی کارروائی پر سوال اٹھائے ہیں۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ نے ٹویٹ کر کے لکھا ہے کہ پولیس کو اس معاملے کا از خود نوٹس لینا چاہیے۔
دوسری جانب این سی پی لیڈر نواب ملک نے لکھا ہے کہ جیت صرف سچائی کی ہوگی۔سنجے راوت نے ٹوئٹ کر کے لکھا ہے کہ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ یہ معاملہ مہاراشٹر کی شبیہ کو خراب کرنے کے لیے موضوعِ بحث بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ آرین خان کیس میں این سی بی کی جانب سے گواہ سے خالی صفحہ پر دستخط کرنا حیران کن ہے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ خطیر رقم بھی مانگی گئی ہے۔ وزیر داخلہ دلیپ والسے کو ٹیگ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ پولیس کو اس معاملہ میں از خود نوٹس لینا چاہیے۔ وہیں این سی پی لیڈر نے ٹویٹ کیا ہے کہ صرف سچائی کی جیت ہوگی، ستیہ میو جیتے۔آریان خان کیس میں پنچ گواہ ہونے کا دعویٰ کرنے والے پربھاکر سالی نے چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے۔
پربھاکر نے حلف نامہ میں کہا ہے کہ کے پی گوساوی اور سیم ڈی سوزا کو 18 کروڑ کی ڈیل پر بات کرتے ہوئے سنا ہے،جس میں سمیر وانکھیڑے کو 8 کروڑ دینے کا کہا گیا تھا۔
پربھاکر کا دعویٰ ہے کہ این سی بی نے ان سے سات سے آٹھ سادہ کاغذات پر دستخط کروائے تھے، پربھاکر خود کو کے پی گوساوی کا باڈی گارڈ بتا رہا ہے۔
شاہ رخ خان بی جے پی میں شامل ہوئے تو منشیات چینی بن جائے گی-این سی پی کاحملہ،کہا،گجرات بندرگاہ کے ڈرگس پر کیا کارروائی ہوئی؟
مہاراشٹر کے وزیر چھگن بھجبل نے ہفتہ کو بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ جہاز پر منشیات ضبط کی گئیں۔ اگر مشہور اداکار ایس آرکے زعفرانی پارٹی میں شامل ہو جائیں تو منشیات چینی بن جائے گی۔ غور طلب ہے کہ اس معاملے میں گرفتار ملزمان میں شاہ رخ خان کا بیٹا آرین خان بھی شامل ہے۔
بھجبل نے الزام لگایا کہ گجرات کی موندرا بندرگاہ میں منشیات کی ایک بڑی کھیپ پکڑی گئی، لیکن معاملے کی تحقیقات کرنے کے بجائے، نارکوٹکس کنٹرول بیورو، جو کہ مرکزی ایجنسی ہے، شاہ رخ خان کے پیچھے ہے۔سینئر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) لیڈر نے طنز کیاہے کہ اگر شاہ رخ خان بی جے پی میں شامل ہوتے ہیں، تو منشیات شوگر میں بدل جائیں گی۔



