بین الاقوامی خبریںسرورق

روس : کورونا کے سبب گیارہ سو سے زائد ہلاکتیں

ماسکو،27اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)روس میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی روزانہ تعداد کے مسلسل نئے ریکارڈ بنتے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز مزید گیارہ سو سے زائد ہلاکتوں کے ساتھ روس میں اس وبا کے سبب اموات کی مجموعی تعداد دو لاکھ انتیس ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔روس رقبے کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے، جو براعظم یورپ میں انتہائی مغرب سے لے کر براعظم ایشیا میں مشرق بعید تک پھیلا ہوا ہے۔

Join Urdu Duniya WhatsApp Group.

اپنے تقریباً 146 ملین شہریوں کے ساتھ اور سو سے زائد جمہوریاؤں پر مشتمل وفاق روس آبادی کے لحاظ سے دنیا کا نو واں سب سے بڑا ملک ہے۔کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران یہ مہلک وائرس روس میں بھی گزشتہ برس موسم بہار میں پہنچ تو گیا تھا اور وہاں کئی ملین شہری متاثر اور ہزارہا ہلاک ہو گئے تھے۔

لیکن سابق سوویت یونین کی جانشین اس ریاست میں کووڈ انیس وبا کی موجودہ لہر انتہائی جان لیوا ثابت ہوئی ہے۔ماسکو میں منگل چھبیس اکتوبر کے روز حکام نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے مزید 1106 مریض انتقال کر گئے۔ یوں اس وبا کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے روسی شہریوں کی مجموعی تعداد اب دو لاکھ انتیس ہزار ایک سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

یہی نہیں بلکہ گزشتہ روز کورونا وائرس کی مزید 36 ہزار 446 نئی انفیکشنز بھی ریکارڈ کی گئیں، جن کے ساتھ ہی ملک بھر میں اس وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد بھی 81 لاکھ 85 ہزار سے زائد ہو گئی۔

وفاق روس کے لیے اس عالمی وبا کے دوران اکتوبر کا مہینہ اب تک انتہائی ہلاکت خیز ثابت ہوا ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ چار ہفتوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کی آٹھ لاکھ پندرہ ہزار سے زائد نئی انفیکشنز اور تقریباً ساڑھے چھبیس ہزار ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔

اس سے بھی زیادہ تشویش کی بات یہ ہے کہ پچھلے آٹھ میں سے چھ دنوں کے دوران روس میں کورونا وائرس کی ہلاکت خیزی کے نئے سے نئے ریکارڈ بنتے گئے اور اموات کی تعداد ہر روز بڑھتی ہی رہی۔روس کی تقریباً 146 ملین کی آبادی میں یہ وائرس اب تک 8.18 ملین سے زائد شہریوں کو متاثر کر چکا ہے ،جبکہ اس وائرس کے باعث لگنے والے مرض کووڈ انیس کے ہاتھوں اب تک 229106 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button