
نئی دہلی،27؍اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دو دنوں کی راحت کے بعد آج 27 اکتوبر 2021 کو دوبارہ اضافہ ہوا ہے۔ آج 27 اکتوبر 2021 کو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایک بار پھر فیول آئل کی قیمتوں میں 35-35 پیسے کا اضافہ کیا ہے۔ راجدھانی دہلی میں پٹرول 35 پیسے کے اضافے کے ساتھ 107.94 روپئے فی لیٹر کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے، نیز ڈیزل بھی 35 پیسے کے اصافے کے بعد فی لیٹر 96.67 روپئے ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ آج کے اضافے کے بعد پٹرول اے ٹی ایف (ایوی ایشن ٹربائن فیول) یا جیٹ فیول سے 36.63 فیصد مہنگا ہو گیا ہے۔ دہلی میں اے ٹی ایف تقریباً 79 روپئے فی لیٹر فروخت ہوتا ہے۔ملک میں پٹرول-ڈیزل کی قیمتیں بلند سطح پر پہنچنے کی ایک وجہ ریکارڈ سطح پر جاری ایکسائز ڈیوٹی ہے۔
حکومت کی جانب سے 5 مئی 2020 کو ایکسائز ڈیوٹی میں ریکارڈ سطح پر اضافے کے بعد سے پیٹرول 36 روپئے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے، جب کہ اس دوران ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 26 روپئے سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتیں 19 ڈالر فی بیرل کی ریکارڈ کم ترین سطح پر گرنے کے بعد حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا تھا۔
تاہم اس کے بعد سے بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتیں 85 ڈالر فی بیرل تک بہتر ہوگئی ہیں، لیکن پیٹرول پر ایکسائز ڈیوٹی 32.9 روپئے فی لیٹر پر برقرار ہے۔ اسی طرح ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی 31.8 روپئے فی لیٹر پر برقرار ہے۔



