نوئیڈا،28اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)نوئیڈا کے سیکٹر 8 میں واقع جامع مسجد کے قریب عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر مبینہ طور پر ’’پاکستان زندہ باد ‘‘کے نعرے لگانے کے معاملہ میں نوئیڈا پولیس نے بڑی کارروائی کی ہے۔ نوئیڈا پولیس نے اس معاملہ میں مزید ایک اور دفعہ کا اضافہ کیا ہے۔ ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگانے والوں پر دفعہ 124-A کااضافہ کیا گیا ہے۔
اس نئی دفعہ میں 3 سال سے لے کر عمر قید تک کی سزا کا انتظام ہے۔ خیال رہے کہ19 اکتوبر کو ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ اس موقعہ پر جلوس نکالا گیا۔اس دوران سیکٹر 8 کی مسجد کے قریب جلوس میں موجود ایک خاص برادری کے لوگوں نے (یعنی مسلمانوں نے )نعرے بازی کی تھی۔
19 اکتوبرکے بعد یہ ویڈیو وائرل ہو گئی۔ پولیس نے وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے تفتیش شروع کی۔ 20 اکتوبر کو پولیس نے پورے واقعہ کی چھان بین کی،جس میں پولیس نے مبینہ طور پر پایا کہ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے گئے تھے۔
20 اکتوبر کو دیر رات کوتوالی میں مقدمہ درج کیا گیا ،جس میں 3 نامزد افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔پولیس کی جانب سے ویڈیو کا تجزیہ کیا گیا اور ماہرین سے مشاورت کے بعد ویڈیو میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جانے کا واقعہ سچ ثابت ہوا۔
تین ملزمان محمد ظفر، سمیر علی اور علی رضا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔خیال رہے کہ جمعرات کو ہندو تنظیموں کے کارکنان نے کوتوالی 20 کا گھیراؤ کرکے الٹی میٹم دیا تھا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے 30 سے 35 لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے، نیز ہندو وادی شد ت پسند تنظیموں نے ملزمان پر این ایس اے لگانے پر بھی اصرار کیا تھا۔
ہندو تنظیم کے کارکنان نے12/22 روڈ بلاک کر کے کئی گھنٹے تک نعرے بازی کی ۔ اعلیٰ پولیس افسران کی مداخلت کے بعد معاملہ طے پا گیا ،نتیجتاً ملزمان پر دفعہ ’’124 اے ‘‘کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔



