نئی دہلی29اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)غیر قانونی پٹاخوں اورممنوعہ کیمیکل کریکرز پر حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہاہے کہ ایجنسیوں میں یاتواتفاق رائے نہیں ہے یا پھر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ عدالت نے تمام ریاستی حکومتوں اور ایجنسیوں کو گرین کریکرز پر پہلے کے حکم پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی اور کہاہے کہ اگر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی گئی تو ریاستوں کے چیف سکریٹریوں اور پولیس سربراہان سمیت اعلیٰ حکام ذاتی طور پر ذمہ دار ہوں گے۔
اس معاملے کی اگلی سماعت 30 نومبر کو ہوگی۔ سپریم کورٹ نے واضح کیاہے کہ تمام پٹاخوں پر پابندی نہیں ہے لیکن بیریم سالٹس جیسے ممنوعہ کیمیکل والے پٹاخوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اس کے باوجودممنوعہ پٹاخے تیار، نقل و حمل، فروخت اور استعمال کیے جا رہے ہیں۔ جشن کی آڑ میں خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ کسی دوسرے کی صحت کی قیمت پر جشن نہیں منایا جا سکتا۔ کسی کو بھی دوسروں بالخصوص بزرگ شہریوں اور بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
تمام ریاستوں/ریاستی ایجنسیوں کا فرض ہے کہ وہ دیکھیں کہ اس عدالت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔



