ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کے بعد وزیر اعظم غرور چھوڑ دیں، زرعی قوانین کو واپس لیں: کانگریس
نئی دہلی، 2 نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مختلف ریاستوں میں تین لوک سبھا سیٹوں اور 29 اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخابات کی گنتی کے بعد کانگریس نے منگل کو کہا کہ بی جے پی کی شکست کے بعداب وزیر اعظم نریندر مودی کو انا چھوڑ کر زراعت سے متعلق تینوں کالے قوانین واپس لیں اور پیٹرول ڈیزل گیس پر لوٹ مار بند کریں۔پارٹی کے چیف ترجمان رندیپ سرجے والا نے ٹویٹ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لوک سبھا کے ضمنی انتخابات میں کل 3 میں سے 2 سیٹیں ہار گئی۔
اسمبلی انتخابات میں بھی جہاں کانگریس-بی جے پی کے درمیان سیدھا مقابلہ رہا، وہاں بی جے پی کو شکست ہوئی ہے۔ ہماچل پردیش، راجستھان، کرناٹک، مہاراشٹر اس کا ثبوت ہیں۔انہوں نے کہاکہ مودی جی، تکبر چھوڑیں! تینوں کالے قوانین واپس لیں۔ پٹرول ڈیزل گیس پر لوٹ مار بند کریں، انا چھوڑ دیں۔کانگریس نے ہماچل پردیش کی منڈی لوک سبھا سیٹ جیتی ہے۔
بی جے پی نے مدھیہ پردیش کی کھنڈوا سیٹ جیتی ہے اور دادرا اور نگر حویلی کی لوک سبھا سیٹ شیوسینا کے کھاتے میں گئی ہے۔ملک کی 29 اسمبلی سیٹوں اور تین لوک سبھا سیٹوں کے ضمنی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی منگل کو شروع ہوئی۔
ان سیٹوں کے لیے ووٹنگ 30 اکتوبر کو ہوئی تھی۔ ان ضمنی انتخابات کے نتائج کو اگلے سال کے شروع میں اتر پردیش سمیت پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل ملک کے مزاج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔



