قومی خبریں

ٹیکس میں کٹوتی کے بعد پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں کمی  حکومت کو سالانہ 1.4 لاکھ کروڑ روپئے کا ہوگا نقصان

نئی دہلی،04؍ نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دیوالی کے موقع پر ملک بھر میں کئی ریاستوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ۔ یہ حکومت ہند کی طرف سے ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کی وجہ سے ہوا ہے۔ تاہم اس کی وجہ سے حکومت ہند کو سالانہ 1.4 لاکھ کروڑ روپئے کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔ حکومت نے یہ قدم پٹرول اور ڈیزل کی آسمان چھوتی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے اٹھایا ہے۔
انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق اس کی وجہ سے دارالحکومت دہلی میں پٹرول کی قیمت میں 6.07 روپئے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد ایک لیٹر پٹرول کی قیمت اب 103.97 روپئے ہو گئی ہے۔ نیز ڈیزل کی قیمت میں 11.75 روپئے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 86.67 روپئے فی لیٹر ہوئی ہے۔بدھ کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح کو عبور گئیں۔
دہلی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بالترتیب 110.04 روپئے اور 98.42 روپئے فی لیٹر تھی۔حکومت کے اس فیصلے کے بعد ممبئی میں پٹرول 109.98 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل 94.14 روپئے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔ نیز چنئی میں پٹرول کی قیمت اب 102 روپئے فی لیٹر سے کم ہو کر 101.40 روپئے فی لیٹر پر آ گئی ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت 91.43 روپئے فی لیٹر پر پہنچ گئی ہے۔
اگر چاروں میٹرو سٹی میں قیمتوں کا موازنہ کیا جائے تو اس وقت پٹرول ممبئی میں سب سے مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔ ویٹ کی وجہ سے ہر ریاست میں ایندھن کی قیمتیں مختلف ہیں۔
اگر بین الاقوامی خام تیل کی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ جاری رہتا ہے تو اس کے تناسب سے ہندوستان میں پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہوتا رہے گا۔انڈین آئل کے مطابق چار میٹرو شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں درج ذیل ہیں۔
پٹرول ڈیزل
دہلی 103.97 86.67
ممبئی 109.98 94.14
چنئی 101.40 91.43
کولکاتہ 104.67 89.79
ویسے کسانوں کے لیے بھی ایک بڑی راحت تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ وہ آنے والی ربیع کی فصل کے لیے کم قیمت پر ڈیزل حاصل کر سکیں گے۔ مرکزی حکومت نے ریاستوں سے پٹرول اور ڈیزل پر ویٹ کم کرنے کو بھی کہا ہے، تاکہ عام آدمی کو زیادہ راحت مل سکے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی ریکارڈ قیمتوں سے معیشت کا متاثر ہونا فطری تھا۔ تہواروں سے قبل کھانے پینے کی اشیاء، سبزیاں بہت مہنگی ہو گئی ہیں۔ نیز کھاد کے بحران کا سامنا کرنے والے کسانوں کے لیے ڈیزل کی قیمت 100 روپئے کے قریب پہنچ گئی، یہ بڑی پریشانی کا باعث تھا۔
حالیہ اسمبلی ضمنی انتخابات میں کچھ ریاستوں میں بی جے پی کی خراب کارکردگی کو مہنگائی سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔تاہم دنیا بھر میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ تیل کمپنیاں اسی حساب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہیں۔ اکتوبر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً ہر روز اضافہ ہوا ہے۔
اگر اس سال کی بات کریں تو پٹرول 25 روپئے اور ڈیزل 20 روپئے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔ راجستھان کے سری گنگا نگر اور کچھ دیگرعلاقوں میں پٹرول 121 روپئے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button