ممبئی ،05؍ نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان ممبئی کروز ڈرگز کیس میں آج نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے سامنے پیش ہوئے۔ 23 سالہ آرین کو ضمانت دیتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ نے ہر جمعہ کو صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے کے درمیان تفتیشی ایجنسی کے سامنے حاضر ہونے کی شرط رکھی ہے۔
آرین کو ممبئی کروز ڈرگز کیس میں دیگر ملزمان کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ آرین کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں تقریباً 22 دن گزارنے کے بعد 30 اکتوبر کو رہا کیا گیا تھا۔آرین کے پاس سے منشیات برآمد نہیں ہوئی تھی لیکن این سی بی نے عدالت میں دعویٰ کیا تھا کہ اس کے واٹس ایپ چیٹس سے ثابت ہوا کہ وہ منشیات کے غیر قانونی سودوں میں ملوث ہے اور اس کے غیر ملکی منشیات کے سنڈیکیٹ سے تعلقات ہیں۔
تاہم ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ واٹس ایپ یہ ثابت کرنے کے لیے کافی نہیں ہے کہ ایک ملزم نے آرین کو منشیات فراہم کی تھیں۔ رہائی کے بعد جب آرین اپنے والد کے ساتھ جیل سے گھر پہنچے تو ’منت‘ کے باہر جشن کا ماحول تھا اور شاہ رخ کے مداح ڈھول اور نگاڑے کے ساتھ آرین خان کا استقبال کرتے نظر آئے۔
اگر آرین عدالت کی طرف سے مقرر کردہ شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہیں، تو این سی بی ان کی ضمانت کی منسوخی کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔



