قومی خبریں

دو سال کے بعد بھاجپا کی قومی ایگزیکٹو کی ہائبرڈ میٹنگ کا آغاز کل سے آئندہ اسمبلی انتخابات اہم ایجنڈے میں سرفہرست ہیں

نئی دہلی،6نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کورونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے دو سال تک ملتوی ہونے کے بعد اب اتوار کو بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔اس میٹنگ میں بنیادی طور پر اگلے سال اتر پردیش، پنجاب، گوا اور دیگر ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی اور کرونا ویکسی نیشن کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اس میٹنگ میں پارٹی لیڈران کی طرف سے 100 کروڑ ویکسین کے ہدف کو عبور کرنے پر وزیر اعظم مودی کے اس کا سہرا باندھتے ہوئے ایک قرارداد پاس کرنے کا امکان ہے۔ میٹنگ کا آغاز بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کی افتتاحی تقریر سے ہوگا۔یہ بی جے پی کی پہلی قومی ایگزیکٹو میٹنگ ہے، جس کا انعقاد ہائبرڈ طریقۂ کار سے کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں ملک بھر سے پارٹی کے لیڈران شرکت کریں گے، جب کہ کئی دیگر اہم لیڈران شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچیں گے۔

اجلاس کے اختتام پر وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر ہوگی۔ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق بی جے پی نے ہدایت دی ہے کہ پارٹی کے قومی صدر کے علاوہ مرکزی وزراء، دہلی کے قومی عہدیدار اور قومی ایگزیکٹیو ممبران میٹنگ میں فیزیکلی شرکت کریں گے۔

دیگر تمام نیشنل ایگزیکٹو ممبران، پارٹی کے ریاستی صدور اور جنرل سیکرٹریز شرکت کریں گے۔دو سال بعد ہونے والی اس میٹنگ میں بی جے پی بنیادی طور پر اگلے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی حکمت عملی اور مختلف ریاستوں میں اپنی پوزیشن پر تبادلہ خیال کر کے انتخابات میں جیت کیلئے غور و خوض کرے گی ۔

واضح ہو کہ2022 کی پہلی ششماہی میں اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا، منی پور اور پنجاب میں اسمبلی انتخابات ہوں گے۔ ان تمام ریاستوں میں پنجاب واحد ریاست ہے جہاں بی جے پی کی حکومت نہیں ہے۔ بی جے پی اس میٹنگ میں اس بات پر بھی بات کرے گی کہ گزشتہ یوپی اسمبلی انتخابات کا ریکارڈ برقرار رکھا جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button