امریکہ میں میوزک فیسٹیول میں بھگدڑ مچنے سے 8 افراد ہلاک، متعدد زخمی
ہیوسٹن ،7نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)امریکی شہر ہیوسٹن میں ایک میوزک فیسٹیول Astroworld Music Festival کے دوران بھگڈر مچ جانے کے بعد کچل جانے سے کم سے کم آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعے کو یہ واقعہ ایسٹروورلڈ میوزک فیسٹیول میں پیش آیا۔
ہیوسٹن کے فائر بریگیڈ کے محکمے کے سربراہ سیموئل پینا نے کہا ہے کہ ’واقعے میں آٹھ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب شرکا سٹیج کی جانب بڑھنے لگے تو اس سے افراتفری پھیل گئی اور اس طرح کئی افراد زخمی ہوگئے۔
ہیوسٹن کے فائر بریگیڈ کے محکمے کے سربراہ کے مطابق 17 مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ان میں سے 11 افراد کو دل کا دورہ پڑا۔اس میوزک فیسٹیول میں 50 ہزار سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔حکام کی جانب سے فیسٹیول کے دوسرے دن کی تقریبات کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ہیوسٹن پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ایسٹروورلڈ ایک امریکی میوزک فیسٹیول ہے، جسے ریپر ٹریوس سکاٹ نے 2018 میں لانچ کیا تھا۔
بھگدڑ مچنے سے آٹھ افراد کی ہلاکتوں کی مجرمانہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے
حکام کے مطابق کنسرٹ میں ہزاروں افراد موجود تھے اور اس دوران پرجوش نوجوانوں نے اسٹیج کے قریب جانے کی کوشش کی جس سے بھگدڑ مچ گئی۔سٹی پولیس چیف ٹرائے فنر کا کہنا ہے کہ اْنہیں ایسی غیر مصدقہ اطلاعات ملی ہیں کہ مجمعے میں موجود بعض افراد لوگوں کو نشہ آور انجکشن لگا رہے تھے۔
لہٰذا اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔پولیس کے مطابق ہیوسٹن کے این آر جی پارک میں 50 ہزار کے لگ بھگ افراد موجود تھے کہ اس دوران لوگوں نے اسٹیج کی جانب بڑھنے کی کوشش کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ لوگ بے ہوش ہو کر گرنے لگے جن میں سے کچھ کی ہلاکتیں دل کا دورہ پڑنے سے ہوئیں جب کہ کچھ دیگر طبی وجوہات کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
ہیوسٹن کے ایگزیکٹو اسسٹنٹ چیف لیری سٹیروائٹ کا کہنا تھا کہ وہ اسٹیج کے سامنے ہی موجود تھے، لیکن یہ سب کچھ بہت اچانک اور محض پلک جھپکتے ہوا۔ان کے بقول اْنہوں نے کنسرٹ انتظامیہ سے شو ختم کرنے کا کہا جس کے بعد کنسرٹ ختم کر دیا گیا۔ایک اور سیکیورٹی اہل کار نے بتایا کہ انہیں اس وقت اپنی گردن میں سوئی کی چبھن محسوس ہوئی جب وہ مجمعے کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے تھے جس کے بعد وہ بے ہوش ہو کر گر گئے۔
اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر ٹریویس اسکاٹ نے بھی واقعے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمدردیاں واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات سیکیورٹی اور حفاظت کے قواعد و ضوابط سے متعلق ہو گی کہ تاکہ مستقبل میں اتنے بڑے مجمعے میں بدنظمی یا کسی بھی ممکنہ واردات کی روک تھام ہو سکے۔