
نئی دہلی ،7نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دیوالی کے موقعہ پر جم کر آتش بازی کرنے کے بعد ملک کی آب و ہوا میں زہر گھل گیا ہے۔ ہوا اتنی زہریلی ہو چکی ہے کہ یہاں سانس لینا بھی مشکل ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق اتوار کو ہریانہ کے جند کی آب و ہوا ملک میں سب سے زیادہ خراب تھی۔ اتوار کی صبح یہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 458 تک پہنچ گیا، جس کے بعد سی پی سی بی نے اسے انتہائی ’سنگین‘ شہر کے زمرے میں رکھاہے۔
ماہرین کے مطابق شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس اتنا خراب ہو چکا ہے کہ یہاں کی ہوا ایک عام آدمی کو بھی بیمار کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ غازی آباد، نوئیڈا، سونی پت کے ایئر کوالٹی انڈیکس بھی بہت خراب تھا۔غازی آباد جند کے بعد ملک کا دوسرا آلودہ ترین شہر 456 تھا۔
اس کے علاوہ اتوار کو نوئیڈا کا ایئر کوالٹی انڈیکس 453 رہا۔ اس کے ساتھ ہی سونی پت، فیروز آباد، بلبھ گڑھ، ورنداون، دہلی، باغپت کی ہوا بھی بہت زہریلی تھی۔ایمس کے ڈائریکٹر رندیپ گلیریا نے دہلی-این سی آر کی خراب آب و ہوا پر تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے وہ حصے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 400 سے اوپر پہنچ گیا ہے۔
وہاں کی آب و ہوا سگریٹ کے دھوئیں سے زیادہ خطرناک ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو پہلے سے ہی سانس کی بیماریاں ہیں ،وہ آلودگی کی وجہ سے سب سے زیادہ خطرات کے شکار ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ دوسرے لوگوں کو بھی صحت کا خیال رکھنا چاہیے۔
سنٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق شیلانگ کی آب ہوا ملک میں سب سے صاف تھی۔ اتوار کو یہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 11 رہا، جبکہ پڈوچیری کا ایئر کوالٹی 25 رہا،اس کے علاوہ آئی زول میں ایئر کوالٹی انڈیکس 26، جب کہ چک منگلور میں ایئر کوالٹی35 درج کیا گیا ۔



