ممبئی ،7نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)آرین خان ڈرگ کیس میں سمیر وانکھیڑے پر نواب ملک کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے درمیان این سی بی حکام کا کہنا ہے کہ اگر ان کے پاس اتنے سارے ثبوت ہیں تو وہ عدالت کیوں نہیں جاتے۔
دراصل این سی بی حکام کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے ،جب نواب ملک نے سمیر وانکھیڑے پر الزام لگایا کہ وہ دبئی اور مالدیپ میں تھے، اور بی جے پی لیڈر موہت کمبوج سے بات کی تھی۔نواب ملک نے پریس کانفرنس کے دوران الزام لگایا کہ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کا کیس دراصل اغوا اور تاوان کا کیس ہے، اور سمیر وانکھیڑے اس سازش کا حصہ تھے۔
نواب ملک نے کہا تھا کہ آریان خان نے کروز پارٹی کے لیے کوئی ٹکٹ نہیں خریدا۔ پرتیک گابا اور عامر فرنیچر والا نے انہیں پارٹی میں بلایا تھا۔این سی بی حکام کا کہنا ہے کہ نواب ملک کے ذریعہ جاری کردہ ڈی سوزا اور وی وی سنگھ کے درمیان فون پر ہونے والی بات چیت کے آڈیو میں کچھ غلط نہیں ہے۔
افسر ڈیسوزا کو فون نہ بدلنے کی تنبیہ کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سمیر وانکھیڑے ڈی سوزا سے رابطے میں نہیں تھے۔نواب ملک نے اتوار کو الزام لگایا کہ سمیر وانکھیڑے اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو اغوا کرنے کی سازش کا حصہ تھے۔
نواب ملک نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے رہنما موہت بھارتیہ اس سازش کے ماسٹر مائنڈ تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وانکھیڑے نے اوشیوارا کے ایک قبرستان میں موہت بھارتی سے ملاقات کی تھی۔ملک نے کہاکہ لیکن وہ (وانکھیڑے) خوش قسمت ہیں کہ ہمیں میٹنگ کی ویڈیو فوٹیج نہیں ملی، کیونکہ پولیس کا سی سی ٹی وی کام نہیں کر رہا تھا۔ اس لیے بغیر کسی خوف کے وانکھیڑے نے جھوٹی شکایت درج کرائی کہ ان کا پیچھا کیا جا رہا ہے۔
نواب ملک نے اداکار شاہ رخ خان سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور ناانصافی کے خلاف ان کی لڑائی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے وانکھیڑے پر منشیات فروشوں اور اسمگلروں کا دفاع کرنے اور منشیات استعمال کرنے والوں میں خوف پیدا کرنے کا الزام لگایا۔
اہم بات یہ ہے کہ آریان خان کو وانکھیڑے کے چھاپے کے بعد کروز جہاز سے گرفتار کیا گیا تھا اور جہاز سے مبینہ طور پر منشیات برآمد کی گئی تھی۔نواب ملک نے بارہا کہا ہے کہ منشیات کی برآمدگی کا یہ معاملہ فرضی ہے۔



