تلنگانہ کی خبریں

کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیم ، ایجنٹوں کی چاندی

غریب و مجبور استفادہ کنندگان سے 10 تا 15 فیصد کمیشن وصولی کی شکایتیں

حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیمات کلیان لکشمی اور شادی مبارک می۔ سیوا کے کاروبار اور می ۔سیوا مراکز پر موجود ایجنٹوں کی آمدنی کا ذریعہ بنی ہوئی ہیں اور غریب شہری جو ان اسکیمات سے استفادہ کیلئے ان مراکز پر درخواستوں کے ادخال کے لئے پہنچ رہے ہیں ان سے بھاری کمیشن وصول کیا جا رہا ہے ۔

کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیم کی درخواستوں کی یکسوئی کے نام پر وصول کئے جانے والے کمیشن کے سلسلہ میں متعدد شکایات موصول ہونے کے باوجود محکمہ جاتی سطح پر کسی قسم کی کوئی کاروائی نہ ہونے کے سبب غریب درخواست گذار یہ رقومات ادا کرنے پر مجبور ہیں ۔

می ۔سیوا مراکز کے ذریعہ شادی مبارک کی درخواستوں کے ادخال کے بعد ان درخواستوں پر رکن اسمبلی کے دستخط اور دیگر امور کی تکمیل پر ان سے 10تا15 فیصد کمیشن وصول کیا جا رہاہے جبکہ ارکان اسمبلی کی جانب سے ان درخواستوں پر دستخط کرنے کیلئے کوئی رقم نہیں لی جاتی اور نہ ہی ایسا کوئی مطالبہ کیا جاتا ہے لیکن می ۔سیوا پر موجود ایجنٹوں کی جانب سے نہ صرف ارکان اسمبلی کے نام سے پیسہ وصول کیا جا رہاہے بلکہ ان درخواستوں کی یکسوئی کیلئے محکمہ جاتی سطح پر بھی خرچ کے نام پر کمیشن وصول کیا جا رہاہے۔

دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع سے اس بات کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ تحصیلدار دفاتر اور ضلعی دفاتر کے نام پر ایجنٹوں کی جانب سے لگائے جانے والے وصولی کے الزامات کی تحقیقات کی جانی چاہئے کیونکہ ان ایجنٹوں کے سبب حکومت کی اسکیم سے استفادہ کرنے والوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے اور دوسری جانب سرکاری عہدیداروں اور ارکان اسمبلی کی بدنامی ہونے لگی ہے۔

بتایاجاتا ہے کہ می۔سیوا مراکز سے داخل کی جانے والی درخواستوں سے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ایجنٹ درخواست گذاروں سے رابطہ کر رہے ہیں اور ان کو درخواستوں کی یکسوئی کو یقینی بنانے میں اپنا تعاون پیش کرتے ہوئے کمیشن وصول کررہے ہیں۔

کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیم میں اکثر درخواست داخل کرنے والوں کو اس با ت کا علم نہیں ہوتا کہ اگر ان سے کمیشن طلب کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں وہ کہاں شکایت درج کروائیں اور ان کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ ایجنٹ ان درخواست گذاروں کو اپنا آسان شکار بنا رہے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button