گجرات فسادات:ذکیہ جعفری نے پھرعرضی داخل کی کلوزررپورٹ کوچیلنج ،ایس آئی ٹی پرسوالات اٹھائے
نئی دہلی10نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ذکیہ جعفری نے 2002 کے فسادات میں گجرات کے اس وقت کے وزیراعلیٰ نریندر مودی کو کلین چٹ کے خلاف درخواست کے معاملے میں ایس آئی ٹی کی جانچ پر سوال اٹھائے ہیں۔ سپریم کورٹ میں جعفری نے کہاہے کہ ایس آئی ٹی نے جانچ میں طریقہ کار پر عمل نہیں کیا۔
ذکیہ کی جانب سے کپل سبل نے کہاہے کہ ایس آئی ٹی نے اس پورے معاملے میں سی ڈی آر کی جانچ نہیں کی، گواہوں سے بات نہیں کی، فون کی جانچ نہیں کی۔ کلوزررپورٹ کس بنیاد پر دائر کی گئی؟ گلبرگہ سوسائٹی واقعہ میں دھماکہ خیز مواد لانے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
اگر ایس آئی ٹی گلبرگہ کیس کو دیکھ رہی تھی تو ایس آئی ٹی تمام معاملات کو کیوں دیکھ رہی تھی؟ایس آئی ٹی کی جانب سے مکل روہتگی نے عرضی گزار کے دلائل کومسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ اس معاملے میں کی گئی شکایت کی جانچ میں کچھ نہیں ملا، جس کی بنیاد پر اس تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے۔
جس کے بعداس معاملے میں ایس آئی ٹی نے کلوزر رپورٹ داخل کی ۔کپل سبل نے کہاہے کہ این ایچ آر سی کی طرف سے داخل کی گئی عرضی کو دیکھ کر یہ واضح ہو جاتا ہے کہ ایس آئی ٹی کا مقصد صرف گلبرگہ ہی نہیں تھا۔ مذہبی جذبات بھڑکا کر لوگ اپنے اقتدار کی فصل کے لیے زرخیز مٹی تیارکرناہے۔
مذہبی جذبات کو بھڑکانے کے ایسے واقعات آتش فشاں کے لاوے کی مانند ہیں۔ لاواجہاں بھی جاتا ہے سب کچھ جل جاتا ہے۔ ایسے واقعات مستقبل کے لیے جنون کی زمین تیار کرتے ہیں۔ جذباتی ہو کرکپل سبل نے کہاہے کہ اس نے اسی طرح کے واقعات میں پاکستان میں اپنے نانا نانی کو کھو دیا ہے۔



