نئی دہلی،11؍ نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)وزیر اعظم نریندر مودی 16 نومبر بروز منگل پوروانچل ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے، جسے اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی ایک اہم کامیابی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ سرکاری ذرائع نے پی ایم مودی کے پروگرام کو جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پی ایم مودی اس کے افتتاح کے لیے سلطان پور جارہے ہیں۔
وہ منگل کو دوپہر 2 بجے ایک عوامی پروگرام میں پوروانچل ایکسپریس وے کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ غور طلب ہے کہ اس ایکسپریس وے کو اسٹریٹجک نقطہ نظر سے بھی مضبوط کیا گیا ہے۔ اس ایکسپریس وے پر سلطان پور ضلع کے کدے بھر میں تین کلومیٹر طویل رن وے بنایا گیا ہے جس پر لڑاکا جہاز اتر سکتے ہیں۔ پی ایم مودی یہاں منگل کو ہی سہ پہر 3:15 بجے ایئر شو کودیکھیں گے۔
یہ ایئر شو ہندوستانی فضائیہ کی طرف سے پیش کیا جائے گا۔چند ماہ بعد ہونے والے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں یوگی حکومت پوروانچل ایکسپریس وے کو حکومت کی ایک بڑی کامیابی کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسے ریاست کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی ایک بڑی مثال کے طور پر بتایا جا رہا ہے۔
اس ایکسپریس وے کی تعمیر سے ریاست کے پوروانچل کا راجدھانی لکھنؤ سے سڑک رابطہ بہتر ہو جائے گا۔یہ 340.824 کلومیٹر طویل ایکسپریس وے لکھنؤ سے شروع ہوتی ہے اور مشرقی اتر پردیش کے غازی پور پر ختم ہوتی ہے۔ یہ ریاست کے اہم شہروں وارانسی، ایودھیا، گورکھپور اور الہ آباد کو لنک روڈ کے ذریعے جوڑے گا۔
اس کی قیمت 22,494 کروڑ روپئے ہے جس میں حاصل کی گئی زمین کی قیمت بھی شامل ہے۔ یہ ریاست کے 9 اضلاع لکھنؤ، بارہ بنکی، فیض آباد، امبیڈکر نگر، امیٹھی، سلطان پور، اعظم گڑھ، مئو اور غازی پور سے شروع ہوگا۔
چھ لین والے اس ایکسپریس وے کو آٹھ لین تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ 300 کلومیٹر کا سفر صرف ساڑھے تین گھنٹے میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔



