قومی خبریں

مرکز کی طرف سے 3114 نئے پوسٹ آفس کھولنے کی ملی منظوری

نئی دہلی ،12نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کورئیر کمپنیوں کے دور میں ہندوستانی محکمہ ڈاک کو ماضی کی بات سمجھا جاتا تھا،لیکن ملک کے دور دراز علاقوں تک محکمہ ڈاک نے کورونا دور میں اپنے مضبوط نیٹ ورک کے ذریعہ کورونا کے علاج کے لیے ادویات اور صحت کے آلات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ شاید اسی کا نتیجہ ہے کہ مرکزی حکومت نے محکمہ ڈاک کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مرکز نے محکمہ ڈاک کی 3114 نئے برانچ کھولنے کی اجازت دے دی ہے، جو مستقبل میں ملک کے مختلف حصوں میں کھولے جائیں گے۔پون کمار سنگھ، ڈی ڈی جی ہندوستانی محکمہ ڈاک نے کہا کہ اس وقت محکمہ کے پاس 1,56,721 ڈاک خانوں کے ذریعہ ملک کے ہر فرد تک براہ راست رسائی حاصل کرنے کی صلاحیت ہے۔

ان ڈاک خانوں کے ذریعہ محکمہ ڈاک ملک کی 50 کروڑ سے زیادہ آبادی کو سروس فراہم کر رہا ہے۔ لیکن بڑھتی ہوئی آبادی اور دیگر ضروریات کے پیش نظر نیٹ ورک مزید مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرکز سے 3114 نئے پوسٹ آفس کھولنے کی اجازت مل گئی ہے۔

اسے جلد ہی بنالیا جائے گا ۔ محکمہ ڈاک اپنی مختلف اسکیموں کے ذریعے ملک کے کمزور ترین طبقے کو انشورنس کی سہولت بھی فراہم کر رہا ہے اور یہ ملک کی دس کامیاب ترین انشورنس کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ اب اس کردار کو پرائیویٹ کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں کے ذریعے انشورنس خدمات فراہم کر کے مضبوط کیا جا رہا ہے۔

محکمہ ڈاک نے بھی انڈیا پوسٹ پیمنٹس بینک کے ذریعے نجی شعبے کی کمپنی بجاج الیانز لائف انشورنس کے ساتھ معاہدہ کرکے لوگوں کو انشورنس خدمات فراہم کرنا شروع کردی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button