دبئی ، 12؍ نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کے اوپنر محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف 34واں رن بنانے کے ساتھ ہی ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک سال میں 1000 رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔
رضوان نے 67 رنز کی اننگز کی بدولت 1033 رنز بنائے ہیں۔ اس اننگز کی وجہ سے وہ اس ورلڈ کپ میں اپنے اوپننگ پارٹنر بابر اعظم کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بلے باز بھی رہے ۔انہوں نے ورلڈ کپ کے 6 میچوں میں 70 کی اوسط سے 281 رنز بنائے ہیں۔ 2015 میں ٹی ٹوئنٹی ڈیبو کرنے والے رضوان اب تک 49 میچوں کی 38 اننگز میں 1346 رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے یہ رن 51.76 کی اوسط سے بنایا ہے۔
یہ T20 ورلڈ کپ کرکٹ میں دوسری بہترین اوسط ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے پہلے 4 سالوں میں کچھ خاص نہ کر نے والے رضوان کا بیٹ اس سال خوب بولا ۔رضوان نے پہلے 4 سالوں میں 26 میچوں میں صرف 313 رنز بنائے تھے۔ اس کے ساتھ ہی اس سال 23 میچوں میں ان کے بلے سے 1033 رنز نکلے۔
اس ورلڈ کپ میں پاکستان کی مضبوط کارکردگی کے پیچھے بابر اعظم کے ساتھ رضوان کی اوپننگ پارٹنرشپ کا بڑا کردار ہے۔دونوں کھلاڑیوں نے اس ورلڈ کپ کے ہر میچ میں اپنی ٹیم کو اچھی شروعات دی۔
ٹیم انڈیا کے خلاف ان دونوں نے ناقابل تسخیرپاکستان کو فتح دلائی تھی۔ ہر میچ کی طرح سیمی فائنل میچ میں بھی پاکستان کے دونوں اوپنرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔



