اسلامو فوبیا واقعات رپورٹ کرنے کیلئے نمائندے کی تعیناتی: امریکی کانگریس میں بل منظور
واشنگٹن ،16 ؍دسمبر:(اردودنیا/ایجنسیاں) امریکی کانگریس میں مسلمانوں کے حق میں اہم بل پاس ہوگیا ہے۔ مسلمان رکن کانگریس الہان عمر Ilhan Abdullahi Omar کے پیش کردہ بل میں اسلاموفیا کے واقعات کو رپورٹ کرنے کے لیے نمائندہ خصوصی کی تعیناتی کی تجویز دی گئی ہے۔
وائٹ ہاوس نے بھی بل کی حمایت کردی۔ الہان عمر کے پیش کردہ بل کا مقصد اسلاموفوبیا کے واقعات کو امریکی وزارت خارجہ تک پہنچانے کے لیے صدر کی جانب سے نمائندہ خصوصی تعینات کرنا ہے۔ بحث کے دوران کانگریس مین اسکاٹ پیری نے ہرزہ سرائی کرتے الہان عمر کو دہشت گرد قرار دیا اور بل کی مخالفت کی، تاہم تمام ڈیموکریٹس نے بل کے حق میں ووٹ دیا۔
اسپیکر نے اسکاٹ پیری کے الفاظ کو پارلیمنٹ کی کارروائی سے حذف کروا دیا۔ امریکی وزارت خارجہ میں ایسا ہی ایک نمائندہ یہود مخالف واقعات رپورٹ کرنے کے لیے پہلے سے موجود تھا اور اب مسلمانوں کے لیے بھی نمائندہ مقرر ہوگا۔



