ممبئی، 16 دسمبر:(اردودنیا/ایجنسیاں)مہاراشٹرا کی حکومت نے مناسب رہنمائی اور قانونی مدد فراہم کرکے کوویڈ-19 کی وجہ سے اپنے شوہروں سے محروم ہونے والی خواتین کی بحالی اور وراثت کے حقوق کو محفوظ بنانے کے لیے ریاست میں ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کا دائرہ کار بڑھایا ہے۔
ریاست کی بہبود برائے خواتین واطفال کی وزیر یشومتی ٹھاکر نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ حکام اس بات کی بھی تحقیقات کریں گے کہ آیا ایسی بیواؤں کو گھریلو تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔گزشتہ سال مارچ سے اب تک 16,627 خواتین کورونا کی وجہ سے اپنے شوہروں سے محروم ہو چکی ہیں۔
وزیر کے مطابق ضلعی ٹاسک فورس کے پاس ان میں سے 16,516 کی فہرست ہے۔ ٹھاکر نے کہا کہ ان کے محکمہ کو ایسی بیواؤں کو ان کی جائیداد اور وراثت کے حقوق سے محروم کئے جانے کی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اس لیے ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ ایسی خواتین کو ان کے حقوق اور مالی معاملات کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جائے گی اور قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔ٹھاکر نے کہا کہ چند ماہ قبل مہاراشٹر حکومت کی طرف سے شروع کی گئی مشن وتسالیہ یوجنا کے تحت سرکاری افسران کی ایک ٹیم کو کووڈ19 سے متاثرہ خاندانوں کا دورہ کرنے اور یہ جانچنے کی ذمہ داری دی گئی تھی کہ آیا ان بیواؤں کو ان کی جائیداد اور وراثت دی گئی ہے یا انکار کر دیا گیاہے اور کیا انہیں کہیں گھریلو تشدد کا سامنا تو نہیں؟ وزیر نے کہا کہ افسران کلکٹر کی سربراہی میں ضلعی ٹاسک فورس کو ماہانہ رپورٹ پیش کریں گے، جو ایسے تمام معاملات کی نگرانی اور جائزہ لے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ خواتین کو انصاف ملے۔



