قومی خبریں

دہلی میں اومیکرون کے 4 نئے کیسز درج ،اب تک دارالحکومت میں 10افراد متاثر

نئی دہلی ،16 ؍دسمبر :(اردودنیا/ایجنسیاں) دارالحکومت دہلی میں اومیکرون کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 10 ہو گئی ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر جمعرات کو چار نئے کیسز موصول ہونے کے بعد ایل این جے پی اسپتال میں اومیکرون مریضوں کے لیے مختص بستروں کی تعداد 40 سے بڑھا کر 100 کر دی گئی ہے۔

ریاستی وزیر صحت ستیندر جین نے کہا کہ دہلی میں اومیکرون کے مریضوں کی کل تعداد 10 ہے۔ کل تک یہ تعداد 8 تھی لیکن آج بڑھ کر 10 ہوگئی ہے۔ ان میں سے ایک مریض صحت یاب ہو گیاہے۔ اس وقت ایل این جے پی میں کل 9 اومیکرون کے مثبت مریض داخل علاج ہیں۔

جین نے مزید کہا کہ اومیکرون سے وابستہ کل 40 مریض اس وقت ایل این جے پی میں داخل ہیں، جن میں سے 38 کورونا پوزیٹیواور 2 مشتبہ ہیں۔ آج صبح ہی ایئرپورٹ سے مزید 8 مشتبہ افراد آئے ہیں۔

ہوائی اڈے سے آنے والے بہت سے لوگ پوزیٹیو پائے جا رہے ہیں۔ ایل این جے پی میں اومیکرون کا40 بستروں کا وارڈ تھا، لیکن تعداد بڑھانے کے بعد اب یہاں بستروں کی تعداد بڑھا کر 100 کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ میں اومیکرون کے پھیلنے کے بعد سے گزشتہ کئی دنوں سے ہندوستان آنے والے تمام مسافروں کا ایئرپورٹ پر کورونا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے اور رپورٹ منفی آنے پر ہی انہیں ایئرپورٹ سے باہر آنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ جبکہ مثبت پائے جانے والے مریضوں کو علاج کے لیے اسپتال بھیجا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button