سوکھے بورویل میں گری تھی 1 سالہ بچی 11 گھنٹے کی کوشش کے بعد بچی کوبحفاظت باہر نکالا گیا
بھوپال،17 ؍دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مدھیہ پردیش کے چھتر پور ضلع میں ایک 1 سالہ دیویانشی بورویل کے گڑھے میں گر گئی تھی۔ معلوم ہوا ہے کہ تقریباً 11 گھنٹے تک نکالنے کی کوشش کے بعد اسے بورویل سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ بچی کو بحفاظت باہر نکالنے میں کامیاب رہی ہے۔
فی الحال محکمہ صحت کی ٹیم نے لڑکی کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا ہے۔واضح رہے کہ نوگاؤں تھانہ علاقے کے دونی گاؤں میں جمعرات کی دوپہر ایک معصوم بچی اپنے کھیت کے سوکھے بورویل میں گر گئی تھی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دیویانشی نامی لڑکی اپنی ماں رام ساکھی کشواہا اور دو بہنوں کے ساتھ کھیت میں گئی تھی۔دراصل رام ساکھی کھیت میں پانی ڈال رہی تھی اور پھر دیوانشی کھیلتے ہوئے سوکھے بورویل کے گڑھے میں گر گئی۔ جس کے بعد گاؤں والوں اور انتظامیہ نے تمام کوششوں کے بعد اس باہر نکالا۔
لڑکی تقریباً 15 فٹ کی گہرائی میں پھنسی ہوئی تھی اور مسلسل رو رہی تھی۔ راحت اور بچاؤ کاموں میں مصروف ٹیموں نے بورویل کے متوازی 10 فٹ کے فاصلے پر جے سی بی کی مدد سے گڑھا کھودا۔ اس کے بعد ایک سرنگ بنائی گئی اور لڑکی کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
نیز یہ مہم تقریباً 11 گھنٹے تک جاری رہی۔ اس راحت اور بچاؤ کے کام کے دوران کئی بار مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا کیونکہ درمیان میں مٹی دھنسنے لگی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ سچن شرما نے بتایا کہ لڑکی مکمل طور پر صحت مند ہے۔ اسے کوئی چوٹ نہیں آئی ہے۔



