ابوظہبی ، 19دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ملک کی دیگر ریاستوں سے ابوظبی داخل ہونے والے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی ای ڈی ای اسکیاننگ کی جائے گی۔ابو ظبی میں کورونا کے انسداد کے لیے کام کرنے والے ادارے نے کہا ہے کہ ’تمام بری راستوں سے ملک کی دیگر ریاستوں سے ابوظبی آنے والوں کو اسمارٹ فون کے ذریعہ چہرے کی ای ڈی ای سسٹم کے ذریعہ اسکینگ ہوگی۔
ای ڈی ای جدید سسٹم ہے جس کی مدد سے معلوم کیا جاسکتا ہے کہ متعلقہ شخص میں کورونا کی علامات ہیں یا نہیں۔ای ڈی ای اسکیاننگ میں اسکین کئے جانے والے شخص کی تصویر نہیں لی جائے گی نہ ہی اس کے کوائف معلوم کئے جائیں گے۔ادارے نے کہا ہے کہ ’ای ڈی ای اسکیاننگ میں اگر نتیجہ مثبت نکلا تو اسی مرکز میں مذکورہ شخص کا پی سی آر ٹیسٹ ہوگا۔
یہ ٹیسٹ بالکل مفت ہوگا اوراسی چیک پوسٹ پر ہوگا جس کا رزلٹ زیادہ سے زیادہ 20 منٹ میں ظاہر ہوگا۔ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے پر اگر مذکورہ شخص ابوظبی کا رہائشی ہے تو اس پر قرنطینہ کے ضوابط لاگو ہوں گے اور اسے الیکٹرانک کڑا پہنایا جائے گا۔
بصورت دیگر اگر وہ شخص ابوظبی کے علاوہ کسی دوسری ریاست کا رہائشی ہے تو وہ واپس کردیا جائے گا اور اس کے رہائشی ادارے کو آگاہ کردیا جائے گا۔ادارے نے کہا ہے کہ مذکورہ اسکیاننگ سے ابوظبی آنے والے ہر شخص کو گزرنا پڑے گا اگرچہ اس نے ویکسین کی دو خوراکیں لے رکھی ہوں۔



