نئی دہلی20دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) بالی ووڈ اداکارہ ایشوریہ رائےبچن پیرکو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے دہلی دفتر میں پیش ہوئیں۔ ایشوریا تقریباً ڈیڑھ بجے ای ڈی کے دفتر پہنچیں جہاں پانچ گھنٹے کے قریب پوچھ تاچھ ہوئی ہے۔
معلومات کے مطابق یہ انکوائری پنامہ پیپرس سے متعلق معاملے میں کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایاہے کہ تحقیقاتی ایجنسی نے بیرون ملک اثاثے جمع کرنے کے الزامات پر دہلی میں 48 سالہ اداکارہ کا بیان ریکارڈ کیا۔ میگا اسٹار امیتابھ بچن کی بہو اور ابھیشیک بچن کی اہلیہ ایشوریہ کو سمن جاری کیا گیاہے لیکن انہوں نے پیش ہونے کے لیے وقت مانگا تھا۔
یہ مقدمہ 2016 میں واشنگٹن میں قائم انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس (ICIJ) کی جانب سے پنامہ پیپرزکے نام سے معروف قانونی فرم موساک فونسیکا کے ریکارڈ کی تحقیقات سے متعلق ہے۔ اس میں کئی عالمی رہنماؤں اور مشہور شخصیات کے نام سامنے آئے جنہوں نے مبینہ طور پر ملک سے باہر کی کمپنیوں میں پیسہ بیرون ملک جمع کرایا تھا۔
کہا جاتا ہے کہ ان میں سے کچھ کے پاس غیر ملکی اکاؤنٹس ہیں۔ اس انکشاف میں ٹیکس چوری کے کیسز سامنے آئے ہیں۔



