بھوپال،24دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کھنڈوا کے پرائیویٹ اسکول نے پرچہ سوالات میں ایسا سوال پوچھا گیاکہ پڑھ کر سب حیران رہ گئے۔ درحقیقت چھٹی جماعت کے بچوں سے ٹرم ایگزام میں کرینہ کپور کے بیٹے کا نام پوچھا گیا، جب پرچہ سوالات پیرنٹ ٹیچر یونین کے پاس پہنچا ،تو انہوں نے اعتراض کیا اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سمیت ضلع انتظامیہ سے شکایت کی۔ ضلعی محکمہ تعلیم سے کہا گیا ہے کہ وہ اسکول کو نوٹس دیں۔
یہ معاملہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق کھنڈوا کے اکیڈمک ہائیٹ پبلک اسکول میں چھٹی جماعت کا امتحان چل رہا تھا۔ بچوں کے لیے جنرل نالج کا پرچہ تھا۔ اس میں ایک سوال یہ بھی پوچھا گیا کہ کرینہ کپور اور سیف علی خان کے بیٹے کا پورا نام کیا ہے؟
جب بچوں کی والدین ٹیچر یونین کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے ایسے سوالات پوچھے جانے پر اعتراض کیا۔ اسے سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے شکایت کی۔
یونین کے ایک رکن کا کہنا ہے کہ اگر اسکول سے کوئی سوال پوچھنا ہوتا تو اس میں ملک کے عظیم آدمیوں یا مجاہدین آزادی کے بارے میں پوچھا جاتا، اب طالب علم کا دماغ کیسے محفوظ رکھے گا کہ کسی فلم اسٹار کے بچوں کا نام کیا ہے؟ ضلعی انتظامیہ کو بھی معاملہ سے آگاہ کردیا گیا اور اسکول کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیاگیا ہے۔



