
نئی دہلی،24دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کورونا وائرس کیخلاف جاری ’سنگھرش‘ اور اومیکرون کے تیزی سے بڑھتے ہوئے خطرے کے درمیان قومی راجدھانی دہلی نے ویکسی نیشن میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ دہلی میں اب 100 فیصد اہل لوگوں کو ویکسین کی پہلی خوراک دی جا چکی ہے۔
وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے ٹوئٹ کرکے اس کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا ویکسین کی پہلی خوراک دارالحکومت کے 148.33 لاکھ مجاز لوگوں کو دی گئی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں، آشا کارکنوں، ضلع مجسٹریٹوں، اے این ایم، اساتذہ اور دیگر تمام فرنٹ لائن کارکنوں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے کورونا کے روک تھام کے لیے جاری ویکسی نیشن مہم میں یہ کارنامہ انجام دینے کے لیے ویکسی نیشن مہم میں تعاون کیا۔
حکومت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت دہلی میں جمعرات کی رات 8 بجے تک 1,48,27,546 مجاز اور اہل لوگوں کو کرونا ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ہے۔دہلی نے یہ مقام ایسے وقت میں حاصل کیا ہے جب انفیکشن کے مزید بحران دہلی کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں ۔
دہلی میں کوویڈ کی نئی قسم اومیکرون کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ملک میں اومیکرون کے سب سے زیادہ معاملات کی فہرست میں دہلی دوسرے نمبر پر ہے۔ دہلی میں مسلسل تین دنوں سے کووڈ کے 100 سے زیادہ معاملے سامنے آ رہے ہیں۔توقع تھی کہ آنے والا نیا سال انفیکشن سے پاک ہو گا لیکن اومیکرون نے ایک بار پھر ملک کے سامنے بڑا مسئلہ کھڑا کر دیا ہے۔
ملک بھر میں اب تک اومیکرون کے 350 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔اس وقت ملک کی 17 ریاستیں اومیکرون سے متاثر ہیں، جن میں سب سے زیادہ کیس مہاراشٹر میں درج کئے گئے ہیں۔



