
ہندوستان میں کورونا کے 7,189 نئے کیسز،387 افراد جاں بحق ، ایک دن میں 16 فیصد کا اضافہ، مہاراشٹرا سرفہرست
نئی دہلی ،25 ؍دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اومیکرون کے خطرے کے درمیان ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے7,189 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز کی نسبت کورونا کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایک دن پہلے کورونا کے 6650 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔
نیز ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 7,286 رہی۔ اب تک ملک میں کل 3,42,23,263 افراد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں۔
ملک میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافے اور انفیکشن کے کم کیسز کی وجہ سے ایکٹو کیسز بھی کم ہو رہے ہیں۔ ملک میں ایکٹو کیسز کم ہو کر 77,032 ہو گئے ہیں۔ یہ گزشتہ579 دنوں میں ایکٹو کیسز کی سب سے کم تعداد ہے۔
تاہم ملک میں گزشتہ چند دنوں سے مسلسل کورونا کے کیسز 8 ہزار سے بھی کم ہیں لیکن اموات کی تعداد کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 387 افراد جاں بحق ہوئے۔نیز ملک میں ایکٹو کیسز کل کیسز کے ایک فیصد سے بھی کم ہیں، یعنی 0.22 فیصد۔ یہ مارچ 2020 کے بعد سب سے کم ہے۔
صحت یابی کی شرح بھی مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی شرح98.40 فیصد ہے یہ مارچ 2020 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
اومیکرون کے کیسز میں 16 فیصد اضافہ درج کیا ہے۔
یعنی انفیکشن کی رفتار بہت تیز ہے جبکہ اس سے صحت یاب ہونے کی رفتار بہت سست ہے۔اومیکرون اب ملک کی 17 ریاستوں میں پھیل چکا ہے۔ مہاراشٹر میں سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ وہاں اومیکرون کے کل 108 کیس درج کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 42 مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔
دہلی اس معاملے میں دوسرے نمبر پر ہے۔ یہاں کل 79 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں سے 23 مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔ان کے علاوہ گجرات میں 43، تلنگانہ میں 38، کیرالہ میں 37، تمل ناڈو میں 34، کرناٹک میں 31، راجستھان میں 22 کیس درج کیے گئے ہیں۔
ہریانہ، اڑیشہ اور آندھرا پردیش میں 4-4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جب کہ جموں و کشمیر اور مغربی بنگال میں تین تین اومیکرون کے کیسز درج ہوئے ہیں۔
اومیکرون کے دو کیس اتر پردیش میں رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ چندی گڑھ، لداخ اور اتراکھنڈ میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔ اتراکھنڈ اور چندی گڑھ کے دونوں مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔
ممبئی میں کورونا کے 757 نئے کیسز، 10 فی صد اضافہ
ممبئی25دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹر اور ممبئی میں کورونا کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ممبئی میں ہفتہ کو 757 نئے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں، جو گزشتہ روز کے مقابلے دس فی صدزیادہ ہیں۔ اومیکرون ویرینٹ کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان ممبئی سمیت مہاراشٹر میں یہ مریض بڑھے ہیں۔
تاہم کرسمس اور نئے سال کے موقع پر زیادہ بھیڑ کے پیش نظر حکومت نے کئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ ممبئی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے نئے کیسز 24 جون کے بعد سب سے زیادہ ہیں۔ 24 جون کو ممبئی میں 789 نئے کورونا مریض پائے گئے۔
یہ 182 دنوں کے بعد سب سے زیادہ کیسز کا ریکارڈ ہے۔ تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں کسی مریض کی موت نہیں ہوئی۔ ممبئی میں 42427 کووڈ ٹیسٹ ہوئے۔ جبکہ ممبئی میں فی الحال 3703 ایکٹیو کیسز ہیں۔
ایم پی میں کورونا کا قہر جاری، بھوپال میں 12 اور اندور میں 22 مریضوں کی تصدیق
بھوپال ،25 ؍دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مدھیہ پردیش میں کورونا انفیکشن کا قہر بڑھتا جا رہا ہے۔ اندور اور بھوپال میں کورونا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے۔ گزشتہ24 گھنٹوں میں اندور میں 22 اور بھوپال میں 12 مریض پائے گئے ہیں۔ اس طرح ان دو شہروں کو شامل کرکے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 34 کیسز رپورٹ ہوئے۔ریاست میں 208 فعال کورونا مریض ہیں۔ اس وقت اندور میں فعال مریضوں کی تعداد 111 ہے۔ نیز بھوپال میں ایکٹو کیسز کی تعداد 68 ہے۔
اس طرح صرف ان دو شہروں میں 179 ایکٹو کورونا مریض ہیں۔واضح رہے کہ ریاست میں بڑھتے ہوئے کورونا انفیکشن کو دیکھتے ہوئے شیوراج حکومت نے جمعرات کی رات 11 بجے سے نائٹ کرفیو نافذ کر دیا تھا۔
رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک رات کا کرفیو نافذ رہے گا۔ مہاراشٹر، گجرات اور دہلی میں زیادہ کیسز آ رہے ہیں یہ تشویشناک ہے ۔ ریاست میں بھی 24 گھنٹوں میں 30 کیسز سامنے آئے ہیں۔



