ریاض،28 دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) سعودی عرب میں ہونے والی آن لائن نیلامی میں گاڑی کی ایک اسپیشل نمبر پلیٹ 6 لاکھ 20 ہزار ریال میں نیلام ہوگئی۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب گاڑی کی اسپیشل نمبر پلیٹ کی ریکارڈ رقم میں نیلامی ہوئی جہاں آن لائن نیلامی کے دوران ایک نمبر پلیٹ 6 لاکھ 20 ہزار ریال میں نیلام ہوئی‘ جو کہ اپنی نوعیت کا نیا ریکارڈ ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ابشر پلیٹ فارم کی جانب سے گاڑیوں کی آن لائن منفرد پلیٹس کی نیلامی جیتنے والوں کے نام جاری کیے گئے ہیں ، جہاں نیلامی میں مختلف زمروں سے تعلق رکھنے والوں کے نام دیے گئے ہیں جنہوں نے نیلامی میں حصہ لیا اور سب سے بڑی بولی پر منفرد نمبر پلیٹ ان کے نام کر دیے گئے۔معلوم ہوا ہے کہ ڈائمنڈ گروپ میں سب سے بڑی نیلامی 6 لاکھ 20 ہزار ریال میں ہوئی ، گولڈن گروپ میں 2 نمبر پلیٹس اعلیٰ ترین رقم پر نیلام ہوئیں ، جن میں سے ایک 2 لاکھ 60 ہزار ریال جب کہ دوسری 66 ہزار ریال میں نیلامی کی گئی۔
اسی طرح سلور گروپ میں نیلامی کا فیصلہ 7 افراد کے حق میں ہوا ، جس کے لیے بولی میں سامنے آنے والی قیمتیں 58 ہزار 5 سو اور 29 ہزار 5 سو ریال بتائی گئی ہیں۔علاوہ ازیں سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل وہیکل رجسٹریشن کارڈ متعارف کرا دیا گیا ہے ۔
جس کے بعد آئندہ گاڑی کے مالکان کو روایتی کارڈ ہمراہ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیوں کہ اب اسمارٹ موبائل سے ابشر کے ذریعے ڈیجیٹل وہیکل رجسٹریشن کارڈ دکھایا جاسکتا ہے ، اس سلسلے میں سعودی محکمہ ٹریفک سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل وہیکل رجسٹریشن کارڈ کے ذریعے ظاہر کیا جاسکتا ہے کہ وہ موثر ہے یا نہیں اور آپ متعلقہ گاڑی کے مالک ہیں۔
اس کے لیے ابشر ایپ تک رسائی حاصل کرکے ڈیجیٹل آئی ڈی کا انتخاب کیا جائے ، اس کے بعد ڈیجیٹل آئی ڈی کو فعال کیا جائے پھر ڈیجیٹل وہیکل رجسٹریشن لائسنس سروس کا انتخاب کیا جائے۔



