سعودی عرب : حرمین شریفین میں سماجی دوری کے اسٹیکر دوبارہ لگا دیے گئے- ماسک نہ پہننے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا
ماسک نہ پہننے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا، سعودی وزارت داخلہ
سعودی عرب میں کرونا کی وبا کے حوالے سے متعدد حفاظتی اقدامات کو دوبارہ سے لازم کر دیا گیا ہے جن میں چہرے پر ماسک لگانا سرفہرست ہے۔ یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں کرونا کی نئی صورت ‘اومیکرون’ سے متاثر افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے ذمے دار ذرائع نے بتایا کہ مملکت میں (بند یا کھلے) تمام مقامات پر اور سرگرمیوں اور تقریبات میں ماسک لگانے اور سماجی فاصلہ رکھنے کی پابندی دوبارہ سے عائد کر دی گئی ہے۔ریاض سے سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ماسک نہ پہننے پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔دوسری جانب سعودی وزارت بلدیات نے اپنے ذیلی اداروں کو تجارتی مراکز میں تفتیشی دورے کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
مملکت میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔یاد رہے کہ سعودی وزارت داخلہ نے اکتوبر میں طبی حوالے سے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر میں نرمی کا اعلان کیا تھا۔ یہ فیصلہ مملکت میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں واضح کمی کے بعد سامنے آیا تھا۔



