
بڑودہ نے کھیل کی توہین کرنے پر دیپک ہڈا کو گھریلو سیزن کے لیے معطل کیا

بڑودہ ،22؍جنوری (اردودنیا.ان) بڑودہ کرکٹ ایسوسی ایشن (بی سی اے) نے سینئر پلیئر دیپک ہڈا کو موجودہ ڈومیسٹک سیزن سے نظم ونسق اورکھیل کی توہین کرنے پر معطل کردیا ہے۔ ہڈا سید مشتاق علی ٹی 20 ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے ہی کیمپ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ ہڈا کپتان کرنال پانڈیا کے ساتھ جھگڑنے کے بعد ڈومیسٹک ٹی 20 ٹورنامنٹ کے آغاز کے موقع پر ہی ٹیم چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
انہوں نے پانڈیا کی جانب سے مبینہ طور پر برے سلوک کا الزام لگایا تھا۔ بی سی اے کے سکریٹری اجیت لیلے نے کہا کہ بی سی اے اور کھیل کی توہین کرنے پر ہڈ ڈاکو اس سیشن کے لئے معطل کردیا گیا ہے۔ وہ ٹیم اور بی سی اے کو بغیربتائے ٹیم کے بایو سیکور سے باہر چلے گئے تھے۔ بی سی اے کے اعلیٰ کونسل کے اجلاس میں ہڈا کے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ہڈا کو سید مشتاق علی ٹرافی کے لئے بڑودہ کا نائب کپتان مقرر کیا گیا تھا ۔



