غزہ ،3؍ جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کی۔ اس موقعے پر فلسطینی مزاحمت کاروں نے قابض دشمن کے جنگی طیاروں کے خلاف’سام 7‘ میزائلوں کا استعمال کیا۔ اس نوعیت کا میزائل طیاروں کو مار گرانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
فلسطینی مزاحمت کے ایک ذریعہ کے حوالے سے بتایا گیاکہ مزاحمت کے فضائی دفاع یونٹ نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے’سام 7‘ میزائلوں کا استعمال کیا۔ یہ میزائل ہیلی کاپٹروں اور طیاروں کو فضا میں نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ’سام 7‘ طرز کے دو میزائل اسرائیلی ہیلی کاپٹروں اور جنگی طیاروں پر داغے گئے۔
یہ میزائل اس وقت داغے گئے جب اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں خان یونس کے مقام پر القادسیہ کیمپ پر وحشیانہ بمباری کی تھی۔ذرائع کہنا ہے کہ ’سام 7 اسٹیریلا‘ روسی ساختہ میزائل ہیں جو طیاروں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
حجم کے اعتبار سے یہ ایک چھوٹا میزائل ہے جو’14 اعشاریہ 5‘ اینچ کے دھانے والی توپ کے ذریعے داغا جاتا ہے۔یہ میزائل 3700 میٹر تک مار کرسکتا ہے۔اسے سوویت یونین کے دور میں استعمال کیا گیا تھا اور سنہ 1968میں سوویت فوج کے حوالے کیا گیا تھا۔
اسرائیل پر راکٹ داغنے والے نتائج کے خود ذمہ دار ہیں:بینیٹ
اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے اتوار کوایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل پر راکٹ فائر کرنے والا کوئی بھی فریق یا گروپ اس کینتائج کا ذمہ دارہے۔ یہ بات انہوں نے تل ابیب کے قریب غزہ سے داغے گئے دو راکٹوں کے حوالے سے کہی۔کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فضائیہ نے گذشتہ رات خان یونس میں حماس کے راکٹ پروڈکشن کمپلیکس میں متعدد اہداف پر حملہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحد پر حماس کے متعدد مراکز کو نشانہ بنایا۔خبر کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ کی پٹی میں حماس سے وابستہ قادسیہ سائٹ کو تقریباً 12 میزائلوں سے نشانہ بنایا۔رپورٹر نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی جنگی طیارے وقفے وقفے سے غزہ کی پٹی میں بعض اہداف پر بمباری کرتے رہتے ہیں۔
فلسطینی مقامی ذرائع نے بتایا کہ مزاحمت کاروں کی طیارہ شکن توپوں نے غزہ کی پٹی پرجنگی طیاروں پر فائرنگ کی۔اسرائیلی ٹیلی ویڑن نے اطلاع دی ہے کہ فضائیہ نے جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے مغرب میں فلسطینی دھڑوں کے ایک مقام پر بمباری کی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک پریس بیان میں کہا کہ حال ہی میں جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے حماس کے راکٹ کمپلیکس کے متعدد اہداف پر بمباری کی اور ٹینکوں نے غزہ کی پٹی کی سرحدوں پر حماس کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہفتے کی صبح غزہ کی پٹی سے دان بلاک کے مغرب میں بحیرہ روم کے ساحل پر داغے گئے راکٹوں کے جواب میں متعدد اہداف پر فضائی حملے کیے گئے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے لیے حماس تنظیم ذمہ دار ہے اور غزہ کی پٹی سے ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کے نتائج بھگت رہی ہے۔



