نیویارک ، 4جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک ماں نے دو جڑواں بچوں کو جنم دیا جو دو مختلف سالوں میں پیدا ہوئے۔برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق فاطمہ میڈریگل نامی خاتون کے ہاں 2021 اور 2022کے بیچ 15 منٹ کے وقفے سے دو بچوں کی پیدائش ہوئی۔فاطمہ کے جڑواں بچوں میں بیٹا الفریڈو ٹروگیلو 31 دسمبر کی شب 11:45 پر پیدا ہوا جب کہ بیٹی آئلین ٹروگیلو نے اس کے 15 منٹ بعد جنم لیا۔
اس طرح آئلن علاقے میں 2022 میں پیدا ہونے والی پہلی بچی بن گئی۔متعلقہ ہسپتال نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس کا مطلب ہے کہ جڑواں بچوں کی سال گرہ کا دن، مہینہ اور سال سب مختلف ہو گا۔ ایسا واقعہ بیس لاکھ بار میں ایک مرتبہ پیش آتا ہے۔بچوں کی ماں فاطمہ کا کہنا ہے کہ یہ بات دیوانہ کر دینے والی ہے کہ دو بچے جڑواں ہوں اور ان کی سال گرہ مختلف ہو۔



